Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فاسٹ بولر نسیم شاہ اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں؟

وقار یونس کی ٹویٹ سے بہت سے افراد یہ سمجھے کہ کرکٹر نے اداکاری شروع کر دی ہے (فوٹو: وقار یونس، ٹوئٹر)
سابق سٹار فاسٹ بولر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس کی ایک ٹویٹ نے سوشل ٹائم لائنز پر یہ بحث چھیڑ دی کہ نسیم شاہ کھیل کے ساتھ اداکاری بھی شروع کر رہے ہیں یا معاملہ کچھ اور ہے۔
منگل کو وقار یونس نے ایک ٹویٹ میں اپنی اور موجودہ پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سب متوجہ رہیں کچھ بڑا آ رہا ہے۔ نسیم شاہ صرف اچھے کرکٹر ہی نہیں بہت اچھے اداکار بھی ہیں۔‘

وقار یونس نے اپنی ٹویٹ کے ساتھ مزید تفصیل تو نہ دی لیکن اس ٹویٹ کو دیکھنے اور پڑھنے والوں نے مختلف تبصروں کے زریعے صورتحال سمجھنے اور واضح کرنے کی کوشش ضرور کی۔
بسمہ نے تصویر پر اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’یہ ایک ٹیلی ویژن اشتہار ہے۔ لیکن پلیز ہمارے لڑکے کو شوبز سے دور رکھیں۔‘

بلال محمود نے بھی کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا تو موقف اپنایا کہ ’خدارا ڈرامے اور اداکاری چھوڑیں، لڑکے کو کھیل پر توجہ دینے دیں۔‘
فائق علی نے ایک ایموجی کے ذریعے صورتحال پر مایوسی کا اظہار کیا تو لکھا کہ ’پلیز اب کپڑے دھونے کے پاؤڈر‘ میں نہ شامل کر دیجیے گا۔
وقار یونس کی شیئرکردہ تصویر پر تبصرہ کرنے والوں کی اکثریت نسیم شاہ کی اداکاری کے آئیڈیا کے خلاف رہی تو گنے چنے افراد ایسے بھی تھے جو انہیں اس شعبے میں بھی بولنگ کی طرح کامیاب دیکھنا چاہتے تھے۔

نسیم شاہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اعلان کردہ قومی سکواڈ میں شامل ہیں جس نے یکم دسمبر کو مہمان ٹیم کے خلاف راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے۔

شیئر: