Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوریا کمار یادیو نے محمد رضوان کو پیچھے چھوڑ دیا

سوریا کمار یادیو نے رواں سال 31 ٹی20 میچز میں 1164 رنز بنائے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے بیٹر سوریا کمار یادیو نے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو رواں سال ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے مقابلے میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سال 2022 میں انڈین بیٹر سوریا کمار یادیو نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ 1164 رنز بنائے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ٹی20 بیٹرز کی رینکنگ میں بھی سوریا کمار یادیو پہلے نمبر پر ہیں۔
سوریا کمار یادیو نے رواں سال 31 ٹی20 میچز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 46 کی اوسط اور 187 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 1164 رنز بنائے ہیں جس میں دو سینچریاں اور نو نصف سینچریاں شامل ہیں۔
انڈیا کے جارحانہ بیٹر ںے رواں سال آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ میں 6 اننگز میں 239 رنز بنائے تھے جس میں ان کی اوسط 59 تھی۔
سنہ 2021 میں انڈیا کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سوریا کمار یادیو نے اب تک 42 میچز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 44 کی اوسط کے ساتھ 1408 رنز بنائے ہیں۔

محمد رضوان نے رواں سال 25 میچز میں 996 رنز بنائے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سوریا کمار یادیو کے بعد 2022 میں ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی پاکستانی وکٹ بیٹر محمد رضوان ہیں۔
محمد رضوان نے رواں سال ابھی تک 25 میچز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 45 کی اوسط سے 996 رنز بنائے ہیں۔
محمد رضوان نے 2021 میں دس نصف سینچریاں بنائی تھیں جبکہ ان کا سٹرائیک ریٹ 122 ہے۔
سوریا کمار یادیو سے پہلے محمد رضوان ٹی20 بیٹرز کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر تھے تاہم اب وہ دوسرے نمبر پر ہیں۔
محمد رضوان نے پاکستان کی جانب سے 2015 میں اپنا ٹی20 ڈیبیو کیا تھا۔ وہ اب تک 80 ٹی20 میچز میں 2635 رنز بنا چکے ہیں۔
رواں سال ٹی20 کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں تیسرے نمبر پر انڈین بیٹر وراٹ کوہلی ہیں جنہوں نے 20 میچز میں 55 کی اوسط کے ساتھ 781 رنز سکور کیے ہیں۔

ٹی20 رینکنگ میں بابر اعظم چوتھے نمبر پر ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

وراٹ کوہلی کے بعد چوتھے نمبر پر پاکستانی کپتان اور بیٹر بابراعظم موجود ہیں جنہوں نے 26 میچز میں 31 کی اوسط کے ساتھ 735 رنز بنائے ہیں۔
زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا کے لیے بھی 2022 مفید سال ثابت ہوا ہے۔
زمبابوین سپر سٹار نے رواں سال 24 ٹی20 میچز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 35 کی اوسط کے ساتھ 735 رنز بنائے ہیں جبکہ ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 219 رنز بنائے تھے۔

شیئر: