Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدن: 14 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے والے شخص کو سزائے موت

گزشتہ جمعرات کو بچی کی لاش حوش میں واقع مجرم کے گھر سے ملی تھی (فائل فوٹو: سبق)
یمن کے شہر عدن کی ایک عدالت نے ایک بچی کو اغوا اور جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے کے جرم میں ایک شخص کو موت کی سزا سنا دی ہے۔
سبق نیوز نے یمنی میڈیا کے حوالے سے خبر دی کہ عدن کی عدالت نے کیس کی کارروائی فوری طور پر مکمل کر کے بدھ کو یہ فیصلہ سنایا۔
مذکورہ بچی چند دن قبل تواھی کے علاقے سے پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی تھی جس کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔
اس کے بعد گزشتہ ہفتے جمعرات کو اس بچی کی لاش حوش میں واقع مجرم کے گھر سے ملی تھی جہاں اسے دفن کیا گیا تھا۔
عدالت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اغواء اور قتل کے ملزم حسن البنجابی کو موت کی سزا سنائی ہے۔
سزائے موت کے فیصلے کے بعد ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس پر عمل درآمد کب ہو گا تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ پبلک پراسکیوشن نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مجرم کو تواھی ضلع میں سرعام سزا دی جائے۔
خیال رہے کہ عدن میں جرائم کے کیسز سے متعلق یہ اپنی نوعیت کا پہلا فیصلہ ہے جو واقعے کے ایک ہی ہفتے بعد سنایا گیا اور کیس کی مکمل فائل تواھی کے محکمہ ابتدائیہ کے سربراہ کو بھیج دی گئی۔

شیئر: