Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوئٹزرلینڈ کے فٹ بالر نے ورلڈ کپ میں گول کر کے جشن کیوں نہیں منایا؟

بریل امبولو نے گول کرنے کے بعد کچھ دیر خاموشی کا اظہار کیا اور پھر سے دوبارہ کھیلنے لگ گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے میچ میں سوئٹزرلینڈ نے کیمرون کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی ہے۔
الجنوب سٹیڈیم میں جمعرات کے روز کھیلے جانے والے اس میچ میں سوئٹزرلینڈ کی جانب سے 48 ویں منٹ میں بریل امبولو نے واحد گول سکور کیا۔
سوئٹزرلینڈ اور کیمرون کے درمیان اس میچ کی سب سے خاص بات بریل امبولو کا گول کرنے کے بعد جشن نہ منانا تھا۔
بریل امبولو نے گول کرنے کے بعد کچھ دیر خاموشی کا اظہار کیا اور پھر سے دوبارہ کھیلنے لگ گئے۔
بریل امبولو نے کیمرون کے خلاف گول کرنے کے بعد جشن اس وجہ سے نہیں منایا کیونکہ وہ خود کیمرون میں پیدا ہوئے تھے۔
بریل امبولو 14 فروری 1997 کو افریقی ملک کیمرون کے دارالحکومت یاؤندے میں پیدا ہوئے۔
بریل امبولو والدین میں علیحدگی کے بعد بچپن میں اپنی والدہ کے ساتھ فرانس آگئے تھے جس کے بعد ان کی والدہ نے سوئس شہری سے شادی کرلی اور یوں بریل امبولو کو 2014 میں سوئٹزرلینڈ کی شہریت مل گئی۔
بریل امبولو فرانس کی فٹبال  لیگ لیگ ون کی ٹیم موناکو میں بطور فارورڈ کھیلتے ہیں۔

سوئٹزرلینڈ نے کیمرون کو ایک گول سے شکست دی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

بریل امبولو کی جانب سے گول کرکے جشن نہ منانے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی صارفین کی جانب سے تبصرے کیے جارہے ہیں۔
ریحان الحق لکھتے ہیں کہ 'امبولو جو کے کیمرون میں پیدا ہوئے تھے، ان کے خلاف گول کیا اور پھر جشن بھی نہیں منایا۔'
سیڈک ایڈمز کہتے ہیں کہ ’امبولو شرارتی بن رہے ہیں، اگر گول کرنا ہی ہے تو اس پر جشن نہ منا کر کیوں ڈرا رہے ہیں؟‘
ٹرول فٹ بال نامی ہینڈل نے میم اپلوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ ’امبولو جب واپس کیمرون جائیں گے اور اپنے والد سے ملیں گے۔‘
جیڈیون ایووئی لکھتے ہیں کہ 'بریل امبولو کا اپنی پیدائش کے ملک کیمرون کے خلاف گول کرنا کوئی بے عزتی کی بات نہیں ہے، بندہ اپنا کام کرنے آیا ہے۔'
 

شیئر: