Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فٹبال ٹیم کے ہر کھلاڑی کو رولز رائس کا تحفہ دیا گیا؟

صالح الشھری کے مطابق ملک کی خدمت اکلوتا انعام ہے جو انہیں چاہیے (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم کے ایک کھلاڑی نے ارجنٹائن کے خلاف میچ جیتنے کے بعد پلیئرز کو رولز رائس فینٹم گاڑیوں کا تحفہ دینے کی اطلاع کو غلط قرار دیا ہے۔
قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے میچ میں دو مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ارجنٹائن کی ٹیم کو شکست دینے کے بعد سوشل ٹائم لائنز پر بڑے پیمانے پر یہ اطلاع شیئر کی گئی تھی کہ گرین فالکنز کی ٹیم میں شامل پلیئرز کو رولز رائس گاڑی تحفے میں دی گئی ہے۔
فیفا ورلڈ کپ گروپ سی کے میچ کے بعد زیرگردش ان اطلاعات پر تبصرہ کرتے ہوئے صالح الشہری نے کہا کہ ’یہ سچ نہیں ہے۔‘
ان کے مطابق ’ہم یہاں بہتر طریقے سے اپنے ملک کی خدمت کرنے کے لیے آئے ہیں، یہی ہمارا سب سے بڑا اعزاز ہے۔‘
پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے الشھری نے کہا کہ ملک کی خدمت ہی وہ اعزاز ہے جو انہیں چاہیے۔
سعودی عرب کی ٹیم نے گروپ سی کے پہلے میچ میں دو مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ارجنٹائن کی ٹیم کو دو ایک سے شکست دی تھی۔
سبز عقاب یا گرین فالکنز پکارے جانے والی سعودی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ آج پولینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
 

شیئر: