Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 کرد فورسز نے داعش کے خلاف آپریشن روک دیا

شام کے قصبے شدادیہ میں اتحادی فوجی اڈے پر دو راکٹ داغے گئے۔ فوٹو روئٹرز
شام میں امریکی حمایت یافتہ کردوں کی قیادت والی اہم فورس کے کمانڈر مظلوم عبدی نے بتایا ہے کہ شمالی شام پر ترکیہ کے حملوں کی وجہ سے ہم نے داعش گروپ کے خلاف جاری آپریشن روک دیا ہے۔
امریکہ کی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے کمانڈر مظلوم عبدی نے ہفتے کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شمالی شام پر ترک فضائی حملوں کے تقریباً ایک ہفتے بعد انقرہ اب زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔
کمانڈر مظلوم نے کہا کہ ترکیہ کے حمایت یافتہ اپوزیشن جنگجو بھی ان  کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔
کرد فورس کے کمانڈر نے مزید بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے ترکیہ کی جانب سے  حملوں کے باعث خطے کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
کمانڈر کا کہنا ہے کہ 13 نومبر کو  استنبول میں ہونے والے  بم دھماکے کو سامنے رکھتے ہوئے ترکیہ اس کا الزام کرد گروپوں پر لگا رہا ہے۔
استنبول میں ہونے والے بم دھماکے میں چھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے تاہم کرد تنظیموں نے اس حملے میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ نے استنبول حملے کے جواب میں پڑوسی ممالک شام اور عراق میں چھپے ہوئے مشتبہ کرد باغیوں پر گزشتہ ہفتے کے دوران فضائی حملے کئے ہیں۔

کمانڈر مظلوم عبدی کا کہنا ہے کہ انقرہ زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

کمانڈر عبدی نے داعش گروپ کا عربی مخفف استعمال کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے خلاف کارروائیاں رک گئی ہیں۔ واضح رہے کہ داعش کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی اتحاد کے ساتھ علامتی طور پر حصہ لینے والی افواج اب ترکیہ کے لیے ہدف ہیں اس لیے ہم آپریشن جاری نہیں رکھ رہے۔
یہ تبصرہ امریکی فوج کے اس بیان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا جب شام کے شمال مشرقی قصبے شدادیہ میں امریکی زیرقیادت اتحادی فوج کے اڈے پر دو راکٹ داغے گئے جس کے نتیجے میں کوئی زخمی یا املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

 استنبول بم دھماکے کا الزام کرد گروپوں پر لگایا جا رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

امریکی فوجی ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے جنگجوؤں نے راکٹ گرنے کی جگہ کا دورہ کیا جہاں تیسرا غیر فائر شدہ راکٹ بھی پایا گیا۔
برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس تنظیم نے جمعے کی رات امریکی زیر قیادت اتحادی فوج کے اڈے پر حملے کے لیے داعش کے خفیہ سیل کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔
 

شیئر: