Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو ’گول کیے بغیر جشن منانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی‘

پرتگال یوروگوئے کو شکست دے کر ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں پہنچ گیا۔ (فوٹو: پیرس مورگن)
قطر کے لوسیل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پرتگال کی ٹیم نے یوروگوئے کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فٹ بال ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی ہے۔
پرتگال کی جانب سے دونوں گول برونو فرنینڈس نے کیے لیکن کھیل 54 ویں منٹ میں مارا جانے والا گول اب تک سوشل میڈیا صارفین کے درمیان موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
اس گول پر بات زیادہ اس لیے بھی کی جا رہی ہے کیونکہ پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کا دعویٰ یہ تھا کہ یہ گول انہوں نے کیا ہے اور ان کے جشن سے اس بات کا اندازہ ناممکن نہیں لیکن اگر اس گول کو سلو موشن میں دیکھا جائے تو اس بات کو رد نہیں کیا جاسکتا کہ شاید رونالڈو کا سر گیند پر لگا ہی نہیں تھا بلکہ بال برونو فرنینڈس نے ہی گول کے اندر پہنچائی تھی۔
سوشل میڈیا پر کئی صارفین یہی سوال کرتے ہوئے نظر آئے کہ کیا بال رونالڈو کے سر سے ٹکرانے کے بعد گول پوسٹ کے اندر گئی تھی۔
برطانوی صحافی پیرس مارگن نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’رونالڈو نے گیند کو کو ٹچ کیا تھا۔ یہ گول ان ہی کو ملنا چاہیے تھا۔‘
کچھ افراد سوشل میڈیا پر پرتگالی سٹارئیکر پر طنز بھی کرتے ہوئے نظر آئے۔ ایک اکاؤنٹ کی جانب سے لکھا گیا کہ ’رونالڈو دنیا کے وہ واحد کھلاڑی بن گئے ہیں جو اس گول کا جشن منا رہے ہیں جو انہوں نے کیا ہی نہیں۔‘
لیکن میچ کے بعد ٹوئٹر پر رونالڈو کے ردعمل کو دیکھتے ہوئے یہ لگتا نہیں کہ انہوں گول کا کریڈٹ نہ ملنے کا کوئی دکھ ہے۔
انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ہم ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں پہنچ گئے ہیں۔‘
انہوں نے اپنی ٹیم کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’ہم اس لڑائی میں ابھی بھی موجود ہیں اور ہمارا خواب ابھی بھی زندہ ہے۔‘
جب میچ کے بعد دیے گئے ایکسٹرا انجری ٹائم میں پرتگال کو پینلٹی ملی تو برونو فرنینڈس نے کھیل کا دوسرا گول کر دیا اور اس گول پر رونالڈو خوش نظر آئے۔
پریتی نامی صارف نے رونالڈو کی خوشی مناتے ہوئے تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ رونالڈو پہلے گول کا کریڈٹ نہ ملنے پر بلکل غصے میں نہیں بلکہ وہ برونو فرنینڈس کے لیے خوش ہیں۔

شیئر: