Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فٹ بال ورلڈ کپ: مراکش کے ہاتھوں بیلجیئم کو شکست، برسلز میں جلاؤ گھیراؤ

اتوار کی رات مراکش نے بیلجیئم کو دو گول سے شکست دی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
قطر کے دارالحکومت دوحہ کے التھماما سٹیڈیم میں مراکش کے ہاتھوں بیلجیئم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے اپ سیٹ شکست کے بعد بیلجیئم میں فسادات پھوٹ پڑے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے یف پی کے مطابق بیلجیئم کی ہار کے بعد برسلز میں فٹ بال فینز نے پولیس پر حملہ کر دیا جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے حملہ آوروں کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کرنا پڑا۔
بیلجیئم کی شکست کے بعد درجنوں فٹ بال شائقین برسلز کی سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے دکانوں کے شیشے توڑے اور متعدد گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا۔
برسلز پولیس کا کہنا ہے کہ امن عامہ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں انہوں نے 11 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس نے حملے کی اطلاع ملتے ہی شہر میں ٹرین سروس معطل کردی تھی اور فسادات کے بڑھ جانے کے خوف سے سڑکوں کو بھی بند کر دیا تھا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر برسلز میں کی جانے والی توڑ پھوڑ کی متعدد ویڈیوز گردش کر رہی ہیں۔
سوزانے سیڈون کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں سروں کو ڈھانپے درجنوں افراد کو سڑکوں پر پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر متعدد اکاؤنٹس کی طرف سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سڑکوں پر ہونے والے جلاؤ گھیراؤ اور لڑائی جھگڑوں میں بیلجیئم میں موجود مراکشی لوگوں نے بھی حصہ لیا۔ تاہم اردو نیوز ان دعوؤں کی آزادنہ تردید یا تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔
خیال رہے بیلجیئم کی ٹیم اس وقت فٹ بال کی عالمی رینکنگ میں دوسرے جبکہ اس کو شکست دینے والی مراکش کی ٹیم رینکنگ میں 22 ویں نمبر پر ہے۔

شیئر: