Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجھے آپ سے محبت ہے‘، بیلجیئم کو ہرا کر مراکشی کھلاڑی کا ماں کو بوسہ

اتوار کی رات کو مراکش نے بیلیجیئم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
قطر میں جاری فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے ایک میچ میں اتوار کی رات کو ایک اور اپ سیٹ اس وقت دیکھنے میں آیا جب رینکنگ میں 22 ویں نمبر پر براجمان مراکش کی ٹیم نے ورلڈ نمبر 2 بیلجیئم کو شکست دے دی۔
قطر کے التھماما سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں مراکش نے بیلجیئم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ مراکشی ٹیم کی جانب سے ایک گول رمین سائس اور دوسرا ذکریا ابو خلال نے کیا۔
بیلجیئم کے خلاف مراکش کی جیت نے فٹ بال شائقین کو حیران تو کیا ہی لیکن اس سے زیادہ خوش کن لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب میچ جیتنے کے فوراً بعد ہی مراکشی کھلاڑی اشرف حکیمی اپنی والدہ کی دعائیں اور ان کا پیار لینے تماشائیوں کے بیچ میں پہنچ گئے۔
ان تصاویر کو کیمرے کی آنکھ نے قید کرلیا اور اس کے کچھ دیر بعد یہ تصاویر اشرف حکیمی نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پوسٹ کیں اور ساتھ عربی زبان میں لکھا ’مجھے آپ سے محبت ہے امی۔‘
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک اور ویڈیو میں اشرف حکیمی کی والدہ اپنے بیٹے کو گلے لگاتے ہوئے دیکھی جا سکتی ہیں۔
اشرف حکیمی کی والدہ سعیدہ مو مراکش میں اپنے بیٹے کو کامیاب کرنے والی ماں کی حیثیت سے جانی جاتی ہیں۔
یہی وجہ تھی کہ اشرف حکیمی نہ صرف انہیں بوسہ دیا بلکہ میچ جیتنے کے بعد اپنی شرٹ بھی اتار کر انہیں تحفتاً دے دی۔
اشرف حکیمی کی پیدائش سپین کے شہر میڈرڈ میں مراکشی والدین کے گھر ہوئی تھی لیکن انہوں نے فٹ بال کھیلنے کے لیے اپنے آبائی ملک مراکش کا انتخاب کیا۔
اشرف حکیمی اس وقت فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) کے مستقل کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور اس سے قبل بھی مشہور کلب ریال میڈرڈ اور اطالوی کلب انٹر میلان کی طرف سے بھی فٹ بال کھیلتے رہے ہیں۔

شیئر: