Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کی برمی آرمی پاکستانیوں سے اردو زبان سیکھنے کی خواہشمند

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 17 برس بعد مقامی گراؤنڈز میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلش ٹیم ہی نہیں ان کے فینز پر مشتمل ’انگلینڈ کی برمی آرمی‘ بھی پاکستان پہنچی ہے۔
انگلش کرکٹ فینز نے پاکستان آمد کا اعلان سوشل میڈیا پر اپنی لوکیشن تبدیل کر کے کیا تو معاملہ یہیں تک نہیں رہنے دیا بلکہ پاکستانیوں سے اردو زبان کے کچھ جملے سیکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
منگل کی شام کیے گئے ٹویٹ میں ’انگلینڈ برمی آرمی‘ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ’آپ سے مل کر خوشی ہوئی‘ لکھتے ہوئے کہا گیا کہ ’ہمہں کچھ ایسے جملے بتائیں جو اپنے دورے کے دوران استعمال کر سکیں۔

اس دعوت کے جواب میں پاکستانی ٹویپس نے انہیں مختلف اصطلاحات اور جملے بتائے تو انڈین کرکٹ فینز میں سے کچھ نے بھرپور کوشش کی بات کو اصل موضوع سے ادھر ادھر لے جائیں۔
’امید ہے پھر ملیں گے‘، سے بات آگے بڑھی تو ’بہترین میچ‘ اور ’آپ کا بہت شکریہ‘ کے جملے انگلش فینز کو سکھانے کی کوشش کی گئی۔
مریم نے ’پائیں نہرو نہر لے چلو‘ کہہ کر لاہوریوں کا انداز اپنایا تو اریبا فیصل نے اپنی خواہش انہیں جملے کی صورت سکھاتے ہوئے لکھا کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان ٹیسٹ سیریز جیت جائے۔‘

پاکستانی سیاست میں مشہور تراکیب تجویز کی گئیں تو کئی ٹویپس نے انڈین فینز کی مداخلت دیکھ کر ’چائے مزیدار ہے‘ بھی یاد دلایا۔
ہارون نے ’گھبرانا نہیں ہے‘ کا تلقین بھرا جملہ یاد دلایا تو عائشہ نے ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل کو یاد کرتے ہوئے لکھا ’کاش فائنل میں ٹارگٹ 160 ہوتا۔‘

اردو کے مختلف جملے سیکھنے کی خواہش کے اظہار سے قبل منگل ہی کے روز برمی آرمی کے اکاؤنٹ سے پہلے ’بائیو میں نئی لوکیشن‘ چیک کرنے کا کہا گیا تو ’جمعرات سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے ایکسائٹمنٹ‘ سے متعلق سوال بھی کیا گیا تھا۔

ثاقب ایوب نے ’کچھ میٹھا ہو جائے‘ کی پیشکش کی تو ماہ نور نے لکھا کہ ’بابر بادشاہ ہے۔‘
تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستان پہنچنے والی انگلش ٹیم اپنا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلے گی۔

شیئر: