Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہم امید کرتے ہیں کہ انگلینڈ کے کھلاڑی جلد صحت یاب ہوں: بابر اعظم

انگلینڈ کی بولنگ پاکستان سے زیادہ تجربہ کار ہے: بابر اعظم (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز پاکستان کے لیے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کا سنہری موقع ہے۔ 
بدھ کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ پاکستان کو پانچ میں چار ٹیسٹ میچز جیتنا ہوں گے اس لیے وہ بھرپور مقابلے کی کوشش کریں گے اور میچز کو نتیجہ خیز بنائیں گے۔ 
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم فاسٹ بولنگ اور سپن دونوں کا بھرپور استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور راولپنڈی ٹیسٹ کو فیصلہ کن بنانے کے کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا  راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے شام تک پلیئنگ الیون کا اعلان کردیں گے۔ انگلینڈ کھلاڑیوں کی بیماری کے اطلاعات کے بارے میں بابر اعظم کا کہنا تھا وہ انگلینڈ کی پوری سٹرینتھ کے خلاف کھیلنا چاہتے ہیں اس لیے امید کرتے ہیں کہ انگلینڈ کے کھلاڑی جلد صحت یاب ہوں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ جمعرات سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ 
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ  پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی اچھی تیاری کی ہے،  انگلینڈ کے خلاف محمد یوسف نے کافی رنز سکور کیے تھے، اس لیے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کے تجربے سے فائدہ حاصل کرتے رہتے ہیں۔
بولنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی بولنگ پاکستان سے زیادہ تجربہ کار ہے۔ 
ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے حوالے سے ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی اور کپتانی کرنا فخر کی بات ہے لہٰذا اللہ نے کپتانی دی ہے تو اللہ ہی لےسکتا ہے۔
 

شیئر: