Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’واش روم میں علی بند ہوگیا ہے، میچ ڈرا کر کے ختم کرو‘

ایمن نے ٹویٹ کی ’ایک اور میچ اور ایک اور بار دل ٹوٹ گیا، یہ میں ہزاروں بار ٹویٹ کر چکی ہوں۔‘ (فوٹو: اے یف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے کر سریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
پنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے دوسری اننگز چوتھے دن چائے کے وقفے پر ڈکلیئر کردی تھی جس کے بعد پاکستان کو چار سیشن میں 343 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کے لیے راولپنڈی کی بیٹنگ پِچ پر یہ ہدف آسان سمجھا جارہا تھا لیکن پاکستان نے آسان میچ انگلینڈ کی جھولی میں ڈال دیا۔
پاکستانی ٹیم میچ کے آخری دن کھیل ختم ہونے سے کچھ منٹ پہلے 268 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
میچ ختم ہونے سے کچھ ہی دیر پہلے جب انگلینڈ کو جیتنے کے لیے ایک وکٹ درکار تھی تو عین اس وقت پاکستانی بیٹر محمد علی واش روم چلے گئے تاکہ تھوڑا وقت مزید گزر جائے۔
اس موقع پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین نے خوب تبصرے کیے۔

ثمرا لکھتی ہیں کہ ’علی کے واش روم جانے پر بین سٹوکس کو بہت غصہ آیا ہوا ہے۔‘
انوراگ سنہا نے کہا کہ ’سب سے مزاحیہ بات یہ تھی کہ علی وقت ضائع کرنے واش روم چلے گئے ہاہاہا لیکن اس نے بھی پاکستان کی مدد نہ کی، پاکستان ہار گیا۔‘
دانیال محمود نے لکھا کہ ’واش روم میں علی بند ہوگیا ہے، میچ ڈرا کر کے ختم کرو۔‘

ہمنا نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’نسیم اگلے اوور کے بعد تم بھی واش روم جانا اور خبردار جو 15 منٹ سے پہلے باہر آئے۔‘
دوسری جانب میچ ہارنے کے بعد ٹوئٹر پر شائقین کی جانب سے پاکستان ٹیم پرتنقید بھی جاری ہے۔

احمد کہتے ہیں کہ ’یہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل میں جانے کے لیے خاص موقع تھا کہ ہم گھر سے باہر جیتتے اور گھر میں مطلب کی پچز بناتے، یہ تمام سیریز جیتنے والی تھیں، ہم ہر لحاظ سے احمق اور نالائق رہے ہیں۔‘
حسن کہتے ہیں کہ ’اس سیارے پر رہنے والی کوئی بھی ٹیم اس پچ پر نتیجہ نہ نکال پاتی، انگلینڈ جسے ہمیشہ روایتی کھیل کھیلنے کا کہا جاتا تھا، انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو بدل کر رکھ دیا ہے، جیسے انہوں نے ٹی20 اور ون ڈے کو بدلا ہے۔‘

بنین نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اس ٹیم کی حالت دیکھو، مطلب اس مردہ پچ پر روک روک کر آؤٹ ہورہے ہیں۔‘
جنون بینڈ کے رکن سلمان احمد نے ٹویٹ کیا کہ ’کپتان بین سٹوکس خود آگے آکر ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے، بابر اعظم اور پاکستان ٹیم کو جیتنے کا موقع دینے کے بعد انگلینڈ نے کم ہوتی روشنی میں میچ جیت لیا، قسمت بہادروں کا ساتھ دیتی ہے، اگلے دو میچز راولپںڈی سے بہتر پچز پر کھیلنے چاہیں۔‘

حمزہ شیخ لکھتے ہیں کہ ’ہمارے ضرورت سے زیادہ خود اعتماد بولرز نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف ریورس سوئنگ نہیں کروائی، لیکن ہمارا بولنگ اٹیک دنیا کا سب سے بہترین ہے، یہاں تو شاہین نے بھی کچھ نہیں کرنا تھا۔‘
ایمن نے افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’ایک اور میچ اور ایک اور بار دل ٹوٹ گیا، یہ میں ہزاروں بار ٹویٹ کر چکی ہوں۔‘
فرضی کرکٹر لکھتے ہیں کہ 'کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ اس میچ کا نتیجہ نکلے گا، انگلینڈ کو مبارک ہو، دل سے مبارک ہو۔'
فہد نے اپنے ٹویٹ کے ذریعے کپتان بابر اعظم، کوچ ثقلین مشتاق اور پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ کی برطرفی کا مطالبہ کردیا۔
اریب کہتے ہیں کہ ’ہم میچ جیت سکتے تھے لیکن وہی روایتی پاکستان۔‘

شیئر: