Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ: آسٹریلوی کھلاڑی میچ ہارنے کے بعد میسی کے ساتھ تصاویر بنواتے رہے

ورلڈ کپ میں راؤنڈ آف 16 کے میچ میں ارجنٹائن نے آسٹریلیا کو 1-2 سے شکست دی (فوٹو: لائنل 30 آئی ٹوئٹر)
قطر میں جاری فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں راؤنڈ آف 16 کے میچ میں ارجنٹائن نے آسٹریلیا کو 1-2 سے شکست دے دی۔
راؤنڈ آف 16 کے اس ناک آؤٹ میچ میں ارجنٹائن کے سپرسٹار فٹ بالر لائنل میسی نے بھی گول سکور کیا۔
ارجنٹائن کے خلاف میچ کے بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں نے لائنل میسی کے ساتھ خُوب تصاویر بنوائیں۔
اسی سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کو لائنل میسی کے ساتھ تصاویر بنواتے دیکھا جا سکتا ہے۔
لائنل 30 آئی نامی ایک ہینڈل نے یہ ویڈیو اپلوڈ کی اور لکھا کہ ’آسٹریلوی کھلاڑی میسی کے مداح، ان کے ساتھ تصاویر بنواتے رہے۔‘
لائنل میسی کے ساتھ تصاویر بنوا کر آسٹریلوی فٹ بالر کافی خوش نظر آئے جیسے ان کا کوئی خواب پورا ہوگیا ہو۔
آسٹریلوی کھلاڑی مارکو ٹیلیو نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر میسی کے ساتھ اپنی تصویر اپلوڈ کی۔
انہوں نے لکھا کہ ’کسی خاص چیز کا حصہ رہنا، بہت کچھ سیکھنا اور پھر اپنے اس پسندیدہ شخص سے ملنا جسے آپ بچپن سے چاہتے ہوں اور وہ دنیا کا بہترین کھلاڑی ہو، میں بہت شکر گزار ہوں۔‘
خیال رہے کہ ارجنٹائن سے میچ ہارنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم فیفا فٹ بال ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی ہے جبکہ ارجنٹائن کا 10 دسمبر کو نیدرلینڈز سے کوارٹر فائنل میں مقابلہ ہوگا۔

شیئر: