Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیڈی گاگا کے ڈاگ واکر پر گولی چلانے والے شخص کو 21 برس قید

اس واقعے میں گلوکارہ کی دوسری بل ڈاگ ’مِس ایشیا‘ اغواء ہونے سے بچنے میں کامیاب رہی(فائل فوٹو: لیڈی گاگا، انسٹاگرام)
معروف امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کے کتّوں کی رکھوالی پر مامور ملازم کو گولی مارنے والے شخص کو 21 برس قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
اس شخص نے گزشتہ برس فروری میں اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر ہالی وُڈ کی ایک سڑک پر لیڈی گاگا کے ’فرانسیسی بُل ڈاگ‘ نسل کے کتّے چھیننے کے دوران ان کی دیکھ بھال کرنے والے ریان فِشر کو گولی کا نشانہ بنایا تھا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس واقعے کے مرکزی مجرم 20 سالہ جیمز ہووارڈ جیکسن کو پیر کو سزا سنائی گئی ہے۔
اس حملے میں ریان فِشر کو سینے میں چوٹیں آئیں تھیں اور ایک ماہ بعد انسٹاگرام پر انہوں نے بتایا کہ ان کا پھیپھڑا متاثر ہوا تھا۔
ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’درخواست کے معاہدے میں مسٹر جمیز ہووارڈ جیکسن کو پرتشدد فعل کے ارتکاب کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے اور متاثر ہونے والے فریق کو انصاف فراہم کیا گیا ہے۔‘
واقعے میں ملوث دو دیگر حملہ آوروں کو پہلے ہی اس جرم میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس واقعے کے بعد لیڈی گاگا نے اپنے کتے ’کوجی‘ اور ’گستاؤ‘ کی واپسی کے لیے لگ بھگ آٹھ کروڑ روپے انعام کی پیشکش کی تھی۔
انعام کے اس اعلان کے بعد کتے واپس کرنے والی خاتون پر چوری شدہ سامان وصول کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
اس واقعے میں گلوکارہ کی دوسری بل ڈاگ ’مِس ایشیا‘ اغواء ہونے سے بچنے میں کامیاب رہی اور وہ ڈاکوؤں کے جانے کے بعد زخمی ریان فِشر کی طرف واپس بھاگ گئی تھی۔
رواں برس کے اوائل میں جمیز ہووارڈ جیکسن کو غلطی سے حراست سے رہا ہو جانے کے بعد دوبارہ پکڑ لیا گیا تھا۔ حکام نے اسے ’کلریکل غلطی‘ قرار دیا تھا۔
اس واردات کے بعد لاس اینجلس پولیس نے کہا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ کتوں کو ان کی مالکہ کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا ہے بلکہ بلیک مارکیٹ میں اس نسل کے کتوں کی مانگ کی وجہ سے ایسا کیا گیا ہے۔

شیئر: