Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’غیرقانونی استعمال‘، سینٹورس مال کو سِیل کر دیا گیا

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے مشہور کثیرالمنزلہ شاپنگ مال سینٹورس کو سیل کر دیا ہے۔
انتظامیہ اور کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے) کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول کی مشترکہ کارروائی پیر اور منگل کی درمیانی شب عمل میں آئی۔
رات گئے سینٹورس مال سے گارڈز اور دیگر انتظامی اہلکاروں کو باہر نکال کر سیل کر دیا۔
انتظامیہ کی جانب سے مال کو سیل کیے جانے وجہ ’غیرقانونی استعمال‘ بتائی گئی ہے تاہم اس کی نوعیت کیا ہے، اس حوالے سے مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔
دوسری جانب بندش کے بعد سینٹورس مال کے ملازمین نے فیصل ایونیو پر احتجاج کیا، جس سے ٹریفک معطل ہو گئی۔
سینٹورس کی بندش کے بعد سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اہل کشمیر کی قربانیوں کا ذکر نہ کرنے پر وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے سرزشن پر پی ڈی ایم مافیا کے ذریعے سینٹورس مال کا سِیل کیا جانا ظاہر کرتا ہے کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے (ملک میں) جنگل کا قانون رائج ہے اس سے کشمیریوں کو بھی منفی پیغام جاتا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ‘ہمارے معزز ججز کے لیے سوال ہے کہ کیا وہ قانون کے محافظ نہیں؟‘

اسی طرح پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کہ ’وزیراعظم آزاد کشمیر وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر کے دوران کھڑے ہوئے اور کشمیر پاکستان کے کمزور موقف پر احتجاج ریکارڈ کروایا۔‘

ان کے مطابق ’تقریب کے بعد پہلے منگلا میں ان کی گاڑی کو روکا گیا اور آج سینٹورس مال اسلام آباد میں ان کے کاروبار کو سِیل کر دیا گیا ہے۔‘

شیئر: