Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان ٹیسٹ کا پہلا دن ابرار احمد کے نام، پاکستان کے دو وکٹوں پر 107 رنز

انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ نے سب سے زیادہ 63 رنز سکور کیے۔ فوٹو: اے ایف پی
ملتان ٹیسٹ میں پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے ہیں۔ کم روشنی کے باعث کھیل 10 اوورز پہلے ختم کیا گیا۔
انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 281 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کے ڈیبیو کرنے والے سپنر ابرار احمد نے سات کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جمعے کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
عبداللہ شفیق آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جنہوں نے 14 رنز بنائے اور لیچ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم نے 61 رنز بنائے ہیں۔ سعود شکیل 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی اوپنر امام الحق تھے جو بغیر کوئی رنز بنائے جمی اینڈرسن کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے ٹیسٹ ڈیبیو کے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے زیک کرولی کو 38 کے مجموعی سکور پر بولڈ کیا۔ زیک کرولی کی جگہ اولی پوپ بیٹنگ کرنے آئے۔
انہوں نے بین ڈکٹ کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کی کوشش کی جس میں وہ کسی حد تک کامیاب بھی رہے،  تاہم صورتحال اس وقت بدل گئی جب 63 رنز پر ابرار احمد نے بین ڈکٹ کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔
اس کے بعد آنے والے دو بلے باز بھی ابرار احمد کا شکار بنے۔
کھانے کے وقفے کے بعد انگلینڈ نے 180 رنز پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز جارحانہ انداز میں کیا لیکن 228 پر ابرار نے بین سٹوکس کو 30 رنز پر کلین بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھا دی۔
231 کے مجموعی سکور پر ابرار احمد نے ول جیکس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے ساتویں وکٹ اپنے نام کی۔
انگلینڈ کی آٹھویں وکٹ 245 رنز پر گری جب اولی روبنسن پانچ رنز کے بعد محمد زاہد کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
آؤٹ ہونے والے نویں انگلش کھلاڑی چیک لیچ تھے جو 245 کے مجوعی سکور پر ہی بغیر کوئی رن بنائے زاہد محمود کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
جیمز اینڈرسن انگلینڈ کی ٹیم کے آؤٹ ہونے والے آخری بیٹر تھے جو زاہد محمود کا ہی شکار بنے، وہ سات رنز بنانے کے بعد کلین بولڈ ہوئے۔
قبل ازیں پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فہیم اشرف اور ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ نے 74 رنز سے جیت لیا تھا۔

شیئر: