Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان ٹیسٹ پر انگلینڈ کی مضبوط گرفت، 281 رنز کی برتری

ابرار احمد اس میچ میں دس وکٹیں حاصل کر چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز 202 رنز بنائے تھے اور اسے 281 رنز کی لیڈ حاصل ہوچکی ہے۔
سنیچر کو ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انگلینڈ کی پانچ وکٹیں گر چکی ہیں۔ 
ابرار احمد اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں حاصل کرنے والے 18ویں بولر بن گئے، جبکہ پاکستان کی جانب سے یہ کارنامہ اس سے پہلے محمد زاہد نے نیوزی لینڈ کے خلاف سرانجام دیا تھا۔ 
ابرار احمد نے پہلی اننگز میں سات وکٹیں حاصل کی تھیں اور دوسری اننگز میں وہ اب تک تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں۔ 
زیک کرولی تین رنز بنا کر ابرار احمد کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔  اس کے بعد ول جیکس ابرار احمد کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
جو روٹ نے 21 رنز بنائے اور وہ بھی ابرار احمد کی بال پر آؤٹ ہوئے، عبداللہ شفیق نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ 
چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز بین ڈکٹ تھے، جو 79 رنز بنا سکے۔ انہیں بھی ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔ اولی پاپ چار رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ 
پاکستان کی پہلی اننگز 202 رنز پر سمٹ گئی
انگلینڈ کی پہلی اننگز کے سکور 281 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 202 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور اس طرح انگلیںڈ کو پہلی اننگز میں 79 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ 
کھیل کے پہلے سیشن کے کھیل میں پاکستان نے 95 رنز بنائے اور آٹھ وکٹیں گنوائیں۔
سنیچر کو پاکستان نے گذشتہ روز کے سکور 107 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز دوبارہ شروع کی۔ پہلے کپتان بابر اعظم 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سعود شکیل سپنر لیچ کا نشانہ بن گئے۔ سعود شکیل نے 63 رنز بنائے۔ محمد رضوان 10 اور محمد نواز ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آغا سلمان چار اور محمد علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ زاہد محمود بھی کھاتہ کھولے بغیر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف نے 22 رنز سکور کیے۔

بین ڈکٹ نے دوسری اننگز میں بھی نصف سینچری بنائی (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی امام الحق تھے جو کھاتہ نہ کھول سکے جبکہ عبداللہ شفیق آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جنہوں نے 14 رنز بنائے اور لیچ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انگلش سپنر جیک لیچ نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جمعے کو انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
میچ کے پہلے دن انگلش ٹیم 281 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔

شیئر: