واشنگٹن ...۔قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ماسڑ میک نے کہا ہے کہ امریکہ نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے۔ ماسڑ میک سے واشنگٹن میں پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ماسٹر میک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی ستائش کی۔انہوںنے خطے میں استحکام اور خوشحالی کے لئے تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زوردیا۔ افغانستان میں قیام امن اور علاقائی سلامتی و استحکام کے دیگرا مور پر بھی غور کیاگیا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کی اولین ترجیح ہے تاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو برقرار رکھاجاسکے۔انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی تعاون کے امکانات اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔