Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنرل مشرف کے بعد جنرل باجوہ نے چوروں کو این آر او دیا: عمران خان

طلبہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران عمران خان نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا (فوٹو: پی ٹی آئی سوشل میڈیا)
سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’جنرل (ر) باجوہ نے چوروں کو این آر او ٹو دے کر ملک کے ساتھ بڑا ظلم کیا۔‘
جمعرات کو ویڈیو لنک کے ذریعے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے حکومت کو ’بیرونی غلام‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے حکام اس لیے دنیا سے ڈرتے ہیں کیونکہ ان کے اربوں ڈالر باہر پڑے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ان کو پہلا این آر او جنرل مشرف نے دیا اور دوسرا این آر او جنرل باجوہ نے دیا اور یہ اب پھر سے ملک کو لوٹیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسی حکومت کو ہٹا دیا گیا جس کے دور میں ملک ریکارڈ ترقی کر رہا تھا۔
’آج انہوں نے یہ کارنامہ ضرور کیا ہے کہ اربوں روپے کے کیسز معاف کروا لیے ہیں اور این آر او کی گنگا میں نہا کر پاک ہو گئے ہیں۔‘
عمران خان نے اسحاق ڈار اور سلیمان شہباز کی واپسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ’وہ ابھی ہمیں لیکچر دے رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بھی نیلسن منڈیلا بنے ہوئے ہیں اور واپسی کے لیے پر تول رہے ہیں۔
انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہ سب ناانصافی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔
ان کے مطابق ’اللہ نے آپ کو نیوٹرل رہنے اور گھر میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آج ملک میں چھوٹا چور جیل میں ہے اور بڑا چور جب پکڑا جانے لگتا ہے تو باہر بھاگ جاتا ہے۔‘
عمران خان نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان پر بھی جتنے کرپشن کے کیس تھے وہ بھی ختم کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک آزاد انسان ہیں، کبھی غلامی قبول نہیں کی اور کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکے۔
انہوں نے نیلسن مینڈیلا کا یہ قول بھی دوہرایا کہ خوشحالی معاشی ترقی کی وجہ سے نہیں بلکہ انصاف سے آتی ہے۔

شیئر: