Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لسبیلہ میں سلینڈر کو آگ لگنے سے 12 افراد ہلاک، متعدد زخمی

دکان میں لیک ہونے والے سلینڈر کو باہر لایا گیا تو اچانک آگ بھڑک اٹھی (فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی ایک مارکیٹ میں آگ لگنے سے کم سے کم 12 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مراد کاسی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے واقعے میں 12 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آگ کراچی سے تقریباً 185 کلومیٹر دور پیر کی سہ پہر ہاشمیہ مارکیٹ میں ایل پی جی گیس سلینڈرز کی ایک دکان میں لگی۔
عینی شاہد محمد بخش نے ٹیلی فون پر اردو نیوز کو بتایا کہ عبدالحمید نامی شخص کی دکان میں ایک بڑے سلینڈر سے گیس نکلنا شروع ہوئی تو مالک اس کو دکان سے باہر مارکیٹ میں لے آیا۔
محمد بخش کا کہنا تھا کہ ’مارکیٹ کے باہر گاڑیوں کا سٹاپ ہے۔ جہاں سے حب اور کراچی کے لیے گاڑیاں جاتی ہیں، ساتھ ہوٹل بھی ہے اور وہاں کافی رش تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی دکاندار سلینڈر کو باہر لایا تو اچانک آگ بھڑک اٹھی اور ساتھ ہی سلینڈر کا والو بھی کھل گیا جس سے بے تحاشا آگ پھیلی اور کئی فٹ دور بیٹھے افراد کو بھی لپیٹ میں لیا۔
’ایک شخص موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ 20 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔‘
لسبیلہ اور حب میں برن سینٹر نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیے جانے والے زخمیوں کو آگ سے جھلسنے کے علاج کے لیے کراچی بھجوایا گیا۔
بیشتر ہلاکتیں کراچی کی جانب سفر کے دوران ہوئیں جبکہ دوران علاج بھی بعض افراد نے دم توڑا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ہوٹل، پانچ دکانیں اور 20 سے زائد موٹر سائیکل بھی آگ کی وجہ سے تباہ ہو گئیں۔
 

شیئر: