Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میسی کا ریکارڈ، انسٹاگرام پوسٹ پر سب سے زیادہ لائکس

پیر کے روز لگائی گئی میسی کی یہ پوسٹ اب تک 6 کروڑ سے زیادہ لائکس حاصل کرچکی ہے (فائل فوٹو: میسی انسٹاگرام)
ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی کی فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے بعد فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لگائی گئی پوسٹ نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
فٹبال ورلڈ کپ جیتنے کے بعد انسٹاگرام پر لیونل میسی کے اکاؤنٹ پر لگائی گئی  پوسٹ اس پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ لائک کی جانے والی پوسٹ بن گئی ہے۔
پیر کے روز لگائی گئی میسی کی یہ پوسٹ اب تک 6 کروڑ سے زیادہ لائکس حاصل کرچکی ہے۔
ارجنٹائن کے سٹار کھلاڑی نے اس پوسٹ میں فیفا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد جشن مناتے ہوئے 10 تصاویر اپلوڈ کیں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Leo Messi (@leomessi)

اس پوسٹ نے 2019 میں ’ورلڈ ریکارڈ ایگ‘ نامی ایک اکاؤںٹ کی جانب سے انڈے کی تصویر پر ملنے والے ریکارڈ لائکس کی پوسٹ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ان پوسٹس کے بعد انسٹاگرام پر تیسری سب سے زیادہ لائک ہونے والی پوسٹ میں بھی لیونل میسی شامل ہیں۔
انسٹاگرام کی تیسری سب سے زیادہ لائک کی گئی پوسٹ پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی پوسٹ ہے جس میں وہ میسی کے ساتھ معروف فرانسیسی بریںڈ لوئی وٹون کی نمائندگی کرتے ہوئے شطرنج کھیل رہے ہیں۔
اگر انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالورز کی بات کی جائے تو اس میں کرسٹیانو رونالڈو 51 کروڑ 98 لاکھ فالوررز کے ساتھ دنیا میں سب سے آگے ہیں جبکہ ان کے بعد ان کے حریف لیونل میسی ہی ہیں جن کے 40 کروڑ فالوررز ہیں۔
میسی کی پوسٹ کو انسٹاگرام کی تاریخ میں سب سے زیادہ لائکس ملنے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تبصرے بھی دیکھنے میں آرہے ہیں۔
ای ایس پی این فٹبال نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’میسی کی ورلڈ کپ جیت کی پوسٹ نے انڈے کو ملنے والے ریکارڈ 5 کروڑ 60 لاکھ لائکس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔‘
جارڈن کپلان نے مزاحیہ انداز میں ٹویٹ کی کہ ’میں نے انسٹاگرام پر انڈے والی تصویر کو اَن لائک کر دیا ہے اور میسی کی تصویر کو لائک کردیا ہے، عظیم کھلاڑی کے لیے میں بھی حصہ ڈال رہا ہوں۔‘
جیک بَکلی نے لکھا کہ ’میسی نے انڈے کو شکست دے دی، لیونل میسی کی پوسٹ انسٹاگرام پر اب سب سے زیادہ لائک کی گئی پوسٹ ہے۔‘

شیئر: