Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہتر رن اوسط، بابر اعظم نے پہلی مرتبہ کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا

بابر اعظم کی رنز بنانے کی اوسط 54.93، جبکہ وراٹ کوہلی کی 48.91 ہے (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں جہاں کپتان بابر اعظم نے 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلی وہیں انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں کئی مایہ ناز کھلاڑیوں کے ریکارڈ بھی توڑے۔
بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں نویں سینچری بنا کر وراٹ کوہلی کے اوسط رنز بنانے کا ریکارڈ توڑا ہے۔ بابر اعظم کی رنز بنانے کی اوسط 54.93 ہو چکی ہے، جبکہ وراٹ کوہلی کی اوسط 48.91 ہے۔
اس کے علاؤہ بابر اعظم رواں برس ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 11 سو رنز بنائے ہیں اور انگلینڈ کے کھلاڑی جو روٹ کا 1098 رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
بابر اعظم نے آسٹریلوی کھلاڑی رکی پونٹنگ کا ایک سال میں سب سے زیادہ 50 پلس رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑا ہے۔ رکی پونٹنگ نے 2005 میں 24 ففٹی کا ریکارڈ بنایا تھا اور 17 برس تک یہ ریکارڈ کوئی نہیں توڑ سکا تھا، لیکن کراچی ٹیسٹ میں بابر اعظم نے 25 ویں ففٹی پلس بنا کر یہ اعزاز بھی اپنے نام کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے  محمد  یوسف کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بابراعظم ایک سال میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے والے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں، اس سے پہلے یہ ریکارڈ محمد یوسف کے پاس تھا جنہوں نے  2006 میں 2435 انٹرنیشنل رنز بنائے تھے، جبکہ بابر اس سال ٹی20 انٹرنیشنل میں 735، ون ڈے میں 679 اور ٹیسٹ میں ہزار سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک برس میں آٹھ سینچریاں بنا کر ویسٹ انڈیز کے برین لارا، آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ، سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے اور گریمی سمتھ کا ریکارڈ بھی توڑا ہے۔

شیئر: