Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز، شاہنواز دھانی، میر حمزہ اور ساجد خان شامل

سکواڈ میں مزید کھلاڑی شامل کرنے کا فیصلہ شاہد آفریدی کی سربراہی میں منعقدہ میٹنگ میں کیا گیا (فائل فوٹو: کرک انفو)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے مزید تین کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سنیچر کو پی سی بی کی جانب سے پریس ریلیز میں کہا گیا کہ عبوری سلیکشن کمیٹی نے شاہنواز دھانی، میر حمزہ اور ساجد خان کو سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
یہ فیصلہ سابق چیئرمین عبوری سلیکشن کمیٹی شاہد آفریدی کی سربراہی میں ہونے والی میٹنگ میں کیا گیا جس میں کپتان بابر اعظم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ’ہم نے سکواڈ پر بات چیت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ہمیں اپنی بولنگ کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک میچ میں 20 وکٹیں حاصل کر سکیں۔‘
’حالیہ کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے ہم نے فاسٹ بولر میر حمزہ، شاہنواز دھانی اور لیگ سپنر ساجد خان کو سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ مجھے اعتماد ہے کہ تین نئے بولرز کو شامل کرنے سے بابر اعظم کے پاس پہلے ٹیسٹ میں زیادہ آپشنز ہوں گے۔‘
قائداعظم ٹرافی کے چار میچز میں میر حمزہ نے 16 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ساجد خان نے سات میچز میں 21 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میر حمزہ نے اب تک ایک ہی ٹیسٹ میچ کھیلا ہے جو 2018 میں آسٹریلیا کے خلاف ابوظبی میں ہوا، جبکہ ساجد خان نے سات ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں اور ان کا آخری میچ رواں برس لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف تھا۔ انہوں نے اب تک 22 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
شاہنواز دھانی کا یہ پہلا ٹیسٹ میچ ہو گا، لیکن انہوں سے اس سے پہلے پاکستان کے لیے دو ون ڈے اور 11 ٹی20 میچز کھیلے ہیں۔

شیئر: