Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں سرکاری ملازمین کو نجی کاروبار کے لیے ایک سال کی بمعہ تنخواہ چھٹی 

اس سکیم کی منظوری اماراتی کابینہ  نے رواں سال جولائی میں دی تھی(فائل فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کہا ہے کہ’ وفاقی اداروں کے سرکاری ملازمین کو نجی کاروبار شروع کرنے کے لیے ایک سال کی تنخواہ سمیت چھٹی دی جائے گی۔ فیصلے پر عمل درآمد آئندہ سال دو جنوری سے ہوگا‘۔
 امارات کے خبررساں ادارے’ وام‘ کے مطابق چھٹی کے دوران سرکاری ملازم یکسوئی سے کاروبار کرسکے گا۔ 
اس سکیم کی منظوری نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی زیر صدارت اماراتی کابینہ  نے رواں سال جولائی میں دی تھی۔
یہ دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی سکیم ہے۔ اس کے تحت سرکاری ملازم کاروبار کےلیے کوشش کرسکیں گے۔ان کی ذہانت اور محنت سے مستقبل میں امارات معیشت کوفائدہ پہنچے گا۔
 کسی بھی وفاقی سرکاری ادارے کے ملازم کو اپنا کاروبار قائم کرنے یا چلانے کے لیے مکمل ایک سال کی چھٹی دی جائے گی جو تنخواہ سمیت ہوگی۔ ملازم کو یہ اختیار بھی ہوگا کہ وہ اپنی سالانہ چھٹی اور بغیر تنخواہ چھٹی کو بھی اس میں شامل کرلے۔
سرکاری افرادی قوت کے وفاقی ادارے کی قائم مقام ڈائریکٹر جنرل لیلی السویدی نے بتایا کہ’ آزاد کاروبار میں یکسوئی کےلیے چھٹی کی منظوری اماراتی قیادت کا اہم فیصلہ ہے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’افرادی قوت کے ادارے نے سرکاری ملازمین کی چھٹی  کے حوالے سے گائیڈ بک تیارکی ہے۔ اس میں تمام معلومات دی گئی ہیں‘۔ 

شیئر: