Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات نے یوکرین کے متاثرہ شہریوں کے لیے گھریلو جنریٹرز کی دوسری کھیپ بھیج دی

امارات نے دوسری کھیپ میں 1300 جنریٹرز وارسا بھیجے ہیں( فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات نے یوکرین کے متاثرہ شہریوں کےلیے گھریلو جنریٹرز کی دوسری کھیپ بھیج دی۔
امارات کا ایک طیارہ گھریلو جنریٹرز کی دوسری کھیپ لے کر جمعے کو پولینڈ کے شہر وارسا پہنچا ہے۔
 امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق امارات نے گزشتہ سال دسمبرکے دوران یوکرین میں بجلی کے مسلسل بحران کے پیش نظر  متاثرہ شہریوں کو 2500 جنریٹر فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا تاکہ وہ سردی کے شدید مسائل سے نمٹ سکیں۔
پہلی کھیپ میں 1200 جنریٹر گزشتہ ماہ بھیجے گئے تھے۔ دوسری کھیپ میں 1300 جنریٹرز بھیجے گئے ہیں۔ 
 یوکرین میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔ جنریٹرز کی فراہمی کا مقصد سخت سردی سے بچاو میں مدد فراہم کرنا ہے۔
یوکرین بھیجے جانے والے جنریٹرز میں سے ہر ایک کی بجلی کی پیداوار3.5 سے 8 کلوواٹ کے درمیان ہے۔ جنریٹرز ایک عام خاندان کو مسلسل پانچ سے آٹھ گھنٹے تک بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات بحران سے متاثرہ یوکرینی شہریوں کی مدد کے لیے 100 ملین ڈالر کی امداد پہلے ہی اعلان کیے ہوئے ہے۔ 
 امارات گزشتہ مہینوں کے دوران بحران سے متاثرین یوکرین کے شہریوں کو اسی طرح کی ہیومینٹرین امداد فراہم کرچکا ہے۔ پولینڈ اور مالدووا میں پناہ لینے والے یوکرینی باشندوں کے لیے بھی فضائی راستے سے امدادی سامان بھیجا تھا۔ 

شیئر: