Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی اب ویسے چھکے دوبارہ نہیں مار سکتے: حارث رؤف

انڈین بیٹر وراٹ کوہلی نے حارث رؤف کو مسلسل دو چھکے مارے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے گزشتہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے میچ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خیال میں وراٹ کوہلی دوبارہ ویسے چھکے شاید نہ مار سکیں۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مزاحیہ شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک حارث رؤف سے ان چھکوں کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’جب مجھے چھکا لگا تو وہاں پر مجھے دُکھ ہوا، میرے منہ سے تو کچھ نہ نکلا، لیکن مجھے ذاتی طور پر دُکھ ہوا کہ تھوڑا سا غلط ہو گیا۔‘
شو کے میزبان تابش ہاشمی نے اس دوران کہا کہ ’گیند ٹھیک تھی لیکن وہ شاٹ بہت اچھا تھا۔‘
اس کے جواب میں سپیڈ سٹار کہتے ہیں کہ ’جو کرکٹ کو جانتے ہیں، وہ جس طرح کا پلیئر ہے، میرے خیال سے وہ بھی ایک ہی دفعہ شاٹ کھیل سکتا ہے ایسی، وہ اس نے کھیل لی ہے، دیکھیں مجھے پتا ہے کہ وہ شاٹ بہت کم لگ سکتی ہے، بار بار نہیں لگ سکتی۔‘
23 اکتوبر کو دونوں روایتی حریفوں کے درمیان میلبرن کرکٹ سٹیڈیم (ایم سی جی) میں ہونے والے اعصاب شکن مقابلے میں انڈین بیٹر وراٹ کوہلی نے حارث رؤف کو مسلسل دو چھکے مارے تھے جس کے بعد میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا تھا۔
وراٹ کوہلی کی 53 گیندوں پر 82 رنز کی اس اننگز کو ان کے کیریئر کی سب سے بہترین ٹی20 اننگز کہا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ انڈیا نے اس میچ میں پاکستان کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

شیئر: