Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مہمان نوازی کے لیے پٹھان آ رہا ہے اور پٹاخے بھی ساتھ لا رہا ہے‘

شاہ رخ خان 25 جنوری کو اس فلم کے ذریعے چار سال بعد بڑے پردے پر واپسی کر رہے ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وُڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی رواں ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔
’پٹھان‘ کا ٹریلر یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر منگل کو ریلیز کیا گیا ہے جسے اب تک 36 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا ہے۔
تھرل اور ایکشن سے بھرپور ٹریلر میں شاہ رخ خان جاسوس کا کردار نبھاتے نظر آ رہے ہیں، ان کے ساتھ دپیکا پاڈوکون بھی ایجنٹ کے رُوپ میں دکھائی دے رہی ہیں جبکہ جان ابراہام وِلن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
فلم کے ٹریلر کے مطابق ایک دہشت گرد تنظیم انڈیا پر حملہ کرنے کا منصوبہ بناتی ہے جسے سکیورٹی ایجنسیاں روکنے کی کوشش کرتی ہیں اور پھر پٹھان نامی ایجنٹ کی مدد لی جاتی ہے۔
ٹریلر میں شاہ رخ خان اور جان ابراہام کے درمیان ایکشن سے بھرپور سین شامل کیے گئے ہیں جس سے نتیجہ یہ اخذ ہوتا ہے کہ یہ اچھائی اور برائی کی ہی کہانی ہے۔
’پٹھان‘ رواں سال بالی وڈ کی ریلیز ہونے والی بڑی فلموں میں شامل ہے جس کے ہدایت کاری سدھارتھ آنند ہے اور یہ فلم یش راج بینر کی پروڈکشن ہے۔
شاہ رخ خان جو اپنی اس نئی فلم کی خوب تشہیر کر رہے ہیں، ٹوئٹر پر ٹریلر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’مہمان نوازی کے لیے پٹھان آ رہا ہے اور پٹاخے بھی ساتھ لا رہا ہے۔‘
خیال رہے کہ شاہ رخ خان 25 جنوری کو اس فلم کے ذریعے چار سال بعد بڑے پردے پر واپسی کر رہے ہیں۔
اس فلم کے بعد جون میں ان کی جنوبی انڈیا کے ہدایت کار ایٹلی کمار کے ساتھ  فلم ’جوان‘ ریلیز ہو گی جبکہ دسمبر میں معروف ہدایت کار راج کمار ہیرانی کے ساتھ کنگ خان کی فلم ’ڈنکی‘ آئے گی۔

شیئر: