Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات پاکستان کو ایک ارب ڈالر اضافی دے گا، موجودہ قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع

وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ محمد بن زید کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی (فوٹو: اے پی پی)
متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو فراہم کیے گئے دو ارب ڈالر کے قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کرنے اور ایک ارب ڈالر اضافی قرض فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’جمعرات کو وزیراعظم شہبازشریف نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ شیخ محمد بن زایدالنہیان نے وزیراعظم شہباز  شریف کا ابوظہبی میں خیرمقدم کیا اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خواہش ظاہر کی۔‘
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے گراں قدر تعاون کو سراہا۔
وزیراعظم نے برادر ملک میں مدعو کرنے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ پریس ریلیز کے مطابق ’دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے کی خواہش کا اظہار کیا۔‘
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی۔ فریقین نے سرمایہ کاری اور شراکت داری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے انضمام کے مواقع کو فعال کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور رفتار فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر دو طرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق ’متحدہ عرب امارات کے صدر نے دو ارب ڈالر کے موجودہ قرض کو رول اوور کرنے اور ایک ارب ڈالر اضافی قرض فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ محمد بن زید کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جس پر انہوں نے رضامندی ظاہر کی تاہم تاریخوں کا فیصلہ سفارتی ذرائع سے کیا جائے گا۔

شیئر: