Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ ایئرپورٹ سے مسجد الحرام کے لیے مفت شٹل بس سروس منصوبہ

روزانہ صبح 10 بجے سے رات دس بجے تک مفت بس سروس فراہم ہوگی(فوٹو: ٹوئٹر)
کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ سے زائرین کو حرم مکی پہنچانے کے لیے مفت بس سروس فراہم کی جائے گی۔ 
عکاظ کے مطابق کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ نے کہا ہے کہ ٹرمینل ون سے مسجد الحرام تک زائرین کو مفت بس سروس فراہم کرنے کا منصوبہ زیرغور ہے۔ 
کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ انتظامیہ کے ٹوئٹر پر توجہ دلائی گئی ہے کہ مفت بس سروس سے وہی زائرین مستفید ہوں گے جو احرام میں ہوں گے۔
یہ سہولت زائر سعودی شہریوں کو بھی حاصل ہوگی، انہیں مفت بس سروس سے استفادے کے لیے قومی شناختی کارڈ دکھانا ہو گا جبکہ مقیم غیرملکی زائرین کو یہ سہولت حاصل کرنے کے لیے ’اقامہ کارڈ‘ پیش کرنا ہو گا۔ 
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمینل ون سے ہر دو گھنٹے پر بس حرم شریف کے لیے چلائی جائے گی۔
روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک مفت بس سروس فراہم ہوگی۔ 
ایئرپورٹ سے مکہ روانگی کا مرکز پہلی منزل پر ایکیوریم کے برابر میں ہے۔ جبکہ واپس ایئرپورٹ کے لیے کدی سٹیشن اور وقف ملک عبدالعزیز پارکنگ مختص ہے۔ 
دوسری جانب مسجد الحرام سے دوپہر 12 بجے سے لے کر رات 12 بجے تک ہر دو گھنٹے پر ایئرپورٹ کے لیے بس سروس مہیا ہوگی۔

شیئر: