Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی میں ’قیمتی اشیا لے جانے کی کوشش میں‘ چور لفٹ سے کُچلا گیا

پولیس کے مطابق اس شخص کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کے دارالحکومت دہلی کے علاقے مالویہ نگر میں ایک اوور برج کی لفٹ اور دیواروں کے درمیان پھنس جانے کے بعد ایک 25 سالہ شخص کی موت ہوئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کی رات ساڑھے آٹھ بجے پیش آیا تھا۔
مالویہ نگر پولیس نے بتایا کہ لفٹ میں پھنسے دیگر تین طالب علموں کو کامیابی سے بچا لیا گیا ہے۔
لفٹ میں پھنس جانے والے تین طلبہ نے پولیس کو ایس او ایس کال کی جس کے بعد جلد ہی ایک فائر انجن، پولیس اور محکمہ تعمیرات عامہ کے اہلکار موقعے پر پہنچ گئے۔
جائے وقوعہ سے ملنے والی ویڈیو میں لفٹ کے گیٹ اور دیوار کے درمیان فاصلہ دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’یہ نامعلوم شخص چور تھا جو وہاں موجود گیپ میں پھنسا ہوا پایا گیا اور اسی وجہ سے لفٹ خراب ہوئی۔‘
مالویہ نگر سے عام آدمی پارٹی(آپ) کے رکن قانون ساز اسمبلی سومناتھ بھارتی نے کہا ہے کہ ’پولیس کا کہنا ہے کہ یہ شخص چور ہے اور لفٹ سے قیمتی سامان چرانے کی کوشش کرتے ہوئے اس جگہ میں داخل ہوا تھا۔‘
پولیس کے مطابق اس شخص کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

شیئر: