Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصری حکومت شہریوں کو رعایتی قیمت پر روٹی فراہم کرے گی

ایسے شہری جو سبسڈی سسٹم کا حصہ نہیں انہیں پری پیڈ کارڈز دیے جائیں گے( فوٹو روئٹرز)
مصرکے وزیر خوراک علی المصیلحی نے کہا ہے کہ ’ملک میں بڑھتے ہوئے افراط زر کو کنٹرول کرنے کے لیے حکومت کی روٹی سبسڈی سسٹم سے خارج مقامی شہریوں کو رعایتی قیمت پر روٹی فراہم کرے گی‘۔
عرب نیوز اورالاقتصادیہ کے مطابق وزیر خوراک نے کہا ہے کہ’ ایسے مصری شہریوں کو جو روٹی کے سبسڈی سسٹم کا حصہ نہیں ہیں، انہیں 90 گرام کی روٹی اصل لاگت پر فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے انہیں پری پیڈ کارڈز دیے جائیں گے‘۔ 
وزیر خوراک نے بتایا کہ ’ابھی تک روٹی کی قیمت متعین نہیں کی گئی تاہم ایک مصری پونڈ سے کم ہی ہوگی۔ اس کی شروعات بدھ  سے متوقع ہے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ’ حکومت 40 لاکھ ٹن گندم خریدنےکا پروگرام بنائے ہوئے ہے۔ گندم کی فصل کی کٹائی کے موسم میں جس کی شروعات اپریل میں ہوگی خریداری کا پروگرام ہے۔ حکومت نے گزشتہ سال 4.2 ملین ٹن گندم خریدی تھی۔‘ 
یاد رہے کہ مصری حکومت سبسڈی روٹی 70 ملین سے زیادہ شہریوں کو فراہم کررہی ہے۔ مصر کی کل آبادی 104 ملین نفوس پر مشتمل ہے۔ 
روس، یوکرین جنگ کے معاشی اثرات مصر پر بہت زیادہ پڑ رہے ہیں۔ مصر میں زرمبادلہ کی قلت خطرناک حد تک جاچکی  ہے۔ زرمبادلہ کی قلت سے بندرگاہوں پر سامان کے ڈھیر لگے ہیں۔ افراط زر میں اضافے سے بھی یہ صورتحال درپیش ہے۔ 
واضح رہے کہ مصر نے عالمی مالیاتی فنڈ سے 3 ارب ڈالر کا امداد پیکیج حال ہی میں حاصل کیا ہے۔ 

شیئر: