Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجگور میں ایرانی سرزمین سے پاکستانی فورسز پر حملہ، چار اہلکار ہلاک: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’دہشت گردوں نے معمول کی پیٹرولنگ پر مامور سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا‘ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی آیس پی آر نے کہا ہے کہ ’بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایران کے ساتھ ملحقہ سرحد پر ایرانی سرزمین سے سکیورٹی فورسز پر حملے میں چار اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔‘
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ’بدھ کو چکاب سیکٹر میں دہشت گردوں نے ایرانی سرزمین سے معمول کی پیٹرولنگ پر مامور سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا جس میں چار اہلکار شہید ہوگئے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ایران سے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے۔‘
اس سے قبل بدھ کی صبح بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ٹھکانے سے بھاری مقدار میں دیسی ساختہ بم، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی ہوئی تھی۔ جس پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکیورٹی اہلکاروں کو علاقے میں پہنچایا گیا اور ناکہ بندی کر دی گئی۔‘
’اس کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’ہلاک ہونے والے دہشت گرد فورسز اور شہریوں پر حملوں کے علاوہ بم نصب کرنے کے واقعات میں ملوث تھے۔‘

شیئر: