Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایئر لائن نے غیر معیاری تحائف دیے‘ مسافر نے ابوظبی کی عدالت میں مقدمہ کردیا

ایئرلائن سے دس ہزار درہم ہرجانہ  اور عدالتی اخراجات دلوانے کا مطالبہ کیا( فائل فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات میں ابوظبی فیملی اینڈ سول کورٹ میں ایک مسافر نے ایئرلائن کے خلاف عجیب وغریب کیس دائر کیا ہے۔
عدالت میں مسافر نے درحواست دی کہ’ ایئرلائن نے میرے بچوں کو پرواز کے دوران ایسے غیرمعیاری تحائف دیے جن سے ان کے  پاسپورٹ  بھی خراب ہوگئے۔ ایئرلائن سے دس ہزار درہم ہرجانہ  اور عدالتی اخراجات دلوائے جائیں‘۔
الامارات الیوم کے مطابق مسافر کا کہنا ہے کہ ’ایئرہوسٹس نے جو تحائف تقسیم کیے وہ ائیر لائن کی تشہیر کے لیے تھے۔  تحائف میں رنگین کتابچے اور پاسپورٹ کور دیے گئے جن پر ڈزنی لینڈ سٹارز کی تصاویر بنی تھیں‘۔
’بچوں نے کور پاسپورٹ پر لگائے۔ گھر پہنچنے پر پتہ چلا کہ خراب کور کی وجہ سے پاسپورٹ خراب ہوگئے‘۔
عدالت میں ایئرلائنز میں اپنی بکنگ اور پاسپورٹ کی تصاویر دعوے کے ثبوت کے طور پر پیش کی گئی ہیں۔
ایئرلائن کے وکیل نے عدالت سے کیس مسترد کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ ’مسافر نے اپنے بچوں کو پاسپورٹ پر تحفے میں دیے گئے کور چڑھانےکی اجازت دی جوان کی غلطی ہے‘۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مقدمہ خارج کردیا اور مدعی کا کوئی بھی مطالبہ تسلیم نہیں کیا۔ 

شیئر: