Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے صدر کی آمد، وزیراعظم نے رحیم یار خان میں استقبال کیا

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان رحیم یار خان پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اُن کا استقبال کیا۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زائد النہیان بدھ کو رحیم یار خان پہنچے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ کیا کہ ’اپنے بھائی شیخ محمد بن زید کے پاکستان پہنچنے پر خوشی ہوئی۔‘
ریڈیو پاکستان کے مطابق ایئرپورٹ پر ملاقات کے دوران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے اپنے حالیہ دورے کو یاد کیا اور زور دیا کہ متحدہ عرب امارات کے اپنے دورے کے دوران مختلف شعبوں میں طے پانے والے معاہدوں پر دونوں ملک مل کر کام کریں گے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے کہا کہ ’دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کئی عشروں پر محیط ہیں اور ان کے والد نے جنہیں پاکستان اور اس کے عوام سے بے پناہ محبت تھی، دوطرفہ تعلقات کی بنیاد رکھی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔‘
یاد رہے کہ دونوں رہنماؤں نے رواں ماہ ابوظبی میں بھی ملاقات کی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف کابینہ کے سینیئر ارکان کے ہمراہ ابوظبی گئے تھے اور تجارت کے علاوہ سرمایہ کاری اور دیگر معاشی روابط پر گفتگو ہوئی تھی۔
قبل ازیں وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا تھا کہ ’دونوں رہنما پاکستان اور یو اے ای کے درمیان برادرانہ تعلقات میں مزید بہتری اور دیگر معاملات پر بات چیت کریں گے۔‘
گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے مرکزی بینک میں موجود اپنے دو ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کرنے کا اعلان اس وقت کیا تھا جب صدر شیخ محمد بن زائد النہیان نے اسلام آباد کی مدد کے لیے مزید ایک ارب ڈالر کا اضافی قرض دینے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
پاکستان کو پچھلے سال آنے والے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اس کو تقریباً 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔
اس کے بعد سے پاکستان کو معاشی مسائل کا سامنا ہے اور اس کی قومی کرنسی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔
متحدہ عرب امارات اور پاکستان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں جو گزشتہ سال 10 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچی تھی۔

شیئر: