Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کرکٹ بورڈ نے ’ویمنز پریمیئر لیگ‘ کی ٹیموں کے مالکان کا اعلان کر دیا

ویمنز پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پانچ شہروں کی ٹیمیں کھیلیں گی۔ (فوٹو: بی سی سی آئی ویمن)
انڈین کرکٹ بورڈ نے ’ویمنز پریمیئر لیگ‘ کے لیے ٹیموں کے مالکان کا اعلان کر دیا ہے۔
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پہلی ’ویمنز پریمیئر لیگ‘ کی بولی میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بی سی سی آئی نے بدھ کے روز ویمنر پریمیئر لیگ میں شامل پانچ فرنچائزز کا اعلان کیا ہے جس میں ادانی سپورٹس لائن، رائل چیلنجرز اور جے ایس ڈبلیو بھی شامل ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بی سی سی آئی نے بتایا کہ ’بولی کی کُل رقم 4 ہزار 669 کروڑ انڈین روپے۔‘
ویمنز پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پانچ شہروں کی ٹیمیں کھیلیں گی جن میں احمد آباد، ممبئی، بنگلور، دہلی اور لکھنؤ شامل ہیں۔
احمد آباد شہر کی ٹیم ادانی سپورٹس لائن نے 1289 کروڑ روپے میں خریدی ہے۔ ممبئی کی ٹیم 912 کروڑ روپے میں انڈیا وِن گروپ نے خریدی جب کہ بنگلور کی ٹیم 901 کروڑ روپے میں رائل چیلنجرز سپورٹس نے خریدی ہے۔
اسی طرح دہلی کی ٹیم جے ایس ڈبلیو جی ایم آر کرکٹ نامی گروپ نے خریدی ہے۔
لکھنؤ کی ٹیم کیپری گلوبل ہولڈنگز گروپ 757 کروڑ روپے میں خریدنے میں کامیاب رہی۔
اس سے پہلے بی سی سی آئی کے جے شاہ نے اپنے بیان میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ویمنز ٹی20 لیگ جسے ویمنز آئی پی ایل بھی کہا جا رہا تھا اب اس کا آفیشل نام ’ویمنز پریمیئر لیگ‘ ہوگا۔
جے شاہ نے اس بات کا بھی انکشاف کیا تھا کہ ویمنز پریمیئر لیگ نے اپنے پہلے ایڈیشن میں ہی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 2008 میں ہونے والے افتتاحی ایڈیشن کی بولی کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔

شیئر: