Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جرمنی کی ٹرین میں چاقو کے حملے سے دو افراد ہلاک، سات زخمی

بدھ کے روز پیش آنے والے اس واقعے کے بعد پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
شمالی جرمنی میں ایک شخص نے ٹرین میں چاقو کے وار کر کے کئی افراد کو زخمی کردیا، دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق بدھ کے روز پیش آنے والے اس واقعے کے بعد پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔
جرمنی کی فیڈرل پولیس کا کہنا ہے کہ ’حملہ آور نے اس وقت چاقو سے کئی افراد کو زخمی کیا جب ٹرین کیل سے ہیمبرگ جاتے ہوئے بروک شٹیڈ کے مقام پر پہنچی تھی۔‘
پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ ’حملے میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘
بعدازاں ریاست شلیس وی ہولسٹائن کے وزیر داخلہ سابین سُترلین واک نے بتایا کہ ’حملہ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے پیش آیا جس میں دو افراد ہلاک جبکہ سات زخمی ہوئے ہیں۔‘
ڈی پی اے کے مطابق ’حملے کے بعد بروک شٹیڈ کا ریلوے سٹیشن کئی گھنٹے تک بند رہا۔‘
پولیس نے ڈی پی اے کو حملہ آور کی شناخت سے متعلق معلومات فراہم نہیں کیں اور صرف اتنا کہا کہ ’حملے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔‘

شیئر: