Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس کے خلاف جنگ، امریکہ اور مغربی ممالک کا یوکرین کو ٹینک فراہم کرنے کا اعلان

جرمنی روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو 14 لیپرڈ 2 ٹینک فراہم کرے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ’وہ روسی کے خلاف جنگ میں یوکرین کی مدد کے لیے بھاری ٹینک فراہم کرے گا۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق روس کی جانب سے بار بار تنبیہہ کے باوجود امریکہ کے علاوہ جرمنی اور ناروے نے بھی یوکرین کو ٹینکوں کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے یوکرین کو ٹینکوں کی فراہمی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’امریکہ روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو 31 ایم ون ابرام ٹینک فراہم کرے گا جو کہ یوکرین کی ایک بٹالین کے برابر ہیں۔‘
ناروے کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ’وہ مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو امداد کی فراہمی کے عمل کا حصہ بنتے ہوئے اسے لیپرڈ 2 ٹینک فراہم کرے گا۔‘
یوکرین اور مغربی ممالک کی جانب سے کئی ماہ کی کوششوں کے بعد جرمنی نے کیئف کو 14 لیپرڈ 2 ٹینک دینے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ ان ٹینکوں کو دنیا کے بہترین ٹینکوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
یوکرین نے امریکہ اور جرمنی کی جانب سے ٹینکوں کی فراہمی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس سے روسی فوجیوں کے حملوں کو پسپا کرنے میں مدد ملے گی۔‘
مغربی ممالک کے ٹینکوں کا مقابلہ کرنے کی حکمتِ عملی مرتب کرلی: صدر پوتن
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین کو مغربی ممالک کی جانب سے ٹینک ملنے کی صورت میں اپنی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

روس نے 24 فروری 2022 کو یوکرین پر حملہ کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دونیسک میں تعینات فوجی اہلکاروں نے روس کی سرکاری خبررساں ایجنسی ’طاس‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم مغربی ٹینکوں کو شکست دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتوں کے دوران یوکرین کے صدر زیلنسکی نے ایک سے زائد بار مغربی ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ ’انہیں ہتھیار اور ٹینک فراہم کیے جائیں۔‘
روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے ’نئے جارحانہ منصوبے‘ کے تناظر میں نیٹو کے سربراہ جین سٹولنبرگ نے جرمنی کے دارالحکومت برلن کا دورہ کیا۔
نیٹو کے سربراہ نے اس موقعے پر دعویٰ کیا کہ ’ماسکو پورے یوکرین پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔‘

شیئر: