Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی قومی ڈیجیٹل اکانومی 2031 تک 140 بلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع

امارات اپنے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر کو کامیابی سے آگے بڑھا رہا ہے( فوٹو :عرب نیوز)
ایک نئی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی قومی ڈیجیٹل اکانومی 38 بلین ڈالر سے بڑھ کر 2031 تک 140 بلین ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے۔
عرب نیوز کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امارات اپنے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر کو کامیابی سے آگے بڑھا رہا ہے۔
دبئی چیمبر آف ڈیجیٹل اکانومی کی پیشں گوئی میں کہا گیا ہے کہ امارات 2024 تک 300 سے زیادہ ڈیجیٹل سٹارٹ اپس اور 100 ٹیک ماہرین کو دبئی میں راغب کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق دبئی چیمبرز نئے قوانین اور پالیسیوں پر عمل درآمد، کانفرنس کے انعقاد، ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینے اورعالمی ڈیجیٹل فرموں کو امارات کی طرف راغب کرنے کے لیے کاروباری ماحول کو بڑھانے پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔
متحدہ عرب امارات کے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل اکانومی اور ریموٹ ورک ایپلی کیشنز کے وزیر مملکت اور دبئی چیمبر آف ڈیجیٹل اکانومی کے چیئرمین عمر سلطان العلما کہا کہ دبئی کا مقصد خطے میں ایک اہم تکنیکی مرکز بننا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ ان کا مقصد متحدہ عرب امارات کی مجموعی گھریلو پیداوار میں ڈیجیٹل اکانومی کی شراکت کو 2031 تک 9.7 فیصد سے 20 فیصد سے زیادہ کرنا ہے‘۔
عمر سلطان العلما نے متحدہ عرب امارات میں عالمی معیار کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار کاروباری نمو کو آگے بڑھانے کے لیے متحرک سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی سپورٹ پر بھی زور دیا۔
انہوں نے ٹیکنالوجی کے میدان میں چیلنجز اور مستقبل کے رجحانات کے بارے میں بیداری بڑھانے کی اہمیت پر زور دینے کے علاوہ پائیدار کاروباری ترقی کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اپنانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے اپریل 2022 میں ایک نئی ڈیجیٹل اکانومی سٹریٹجی کی منظوری دی تھی جس میں 30 سے زیادہ انیشیٹوز اور پروگرام شامل ہیں جو چھ شعبوں اور ترقی کے پانچ نئے شعبوں کو ہدف بناتے ہیں۔

شیئر: