Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وراٹ بھائی کبھی کراچی تو آئیں،‘ کوہلی کا نیا فون گُم ہوگیا

صارفین کا کہنا ہے کہ کوہلی کی ٹویٹ کسی اشتہاری مہم کا حصہ بھی ہوسکتی ہے۔ (فوٹو: وراٹ کوہلی/فیس بک)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی کا نیا موبائل فون گُم ہوگیا ہے اور اس پر وہ کافی غمزدہ نظر آرہے ہیں۔
منگل کو اپنی ایک ٹویٹ میں انڈین بیٹر وراٹ کوہلی نے لکھا کہ ’آپ کا نیا فون اگر گُم ہوجائے وہ بھی ڈبہ کھولنے سے پہلے تو اس غم کے احساس سے بڑی کوئی چیز نہیں۔‘
اپنی اس ہی ٹویٹ میں انہوں نے اپنے موبائل فون کے حوالے سے پوچھا کہ ’کیا کسی نے (میرا فون) دیکھا ہے؟‘
وراٹ کوہلی کا گُم ہونے والا فون کونسی کمپنی کا تھا، اس کا ماڈل کیا تھا اور وہ کہاں گُم ہوا اس حوالے سے انڈین بیٹر نے کوئی تفصیل شیئر نہیں کی لیکن سوشل میڈیا پر صارفین پھر بھی انہیں مشورے دینے سے باز نہیں آرہے۔
انڈین فوڈ ڈیلیوری کمپنی ’زوماٹو‘ نے وراٹ کوہلی کو مشورہ دیا کہ ’اگر اس سے کوئی مدد ہوسکے تو بھابھی کے فون سے آئس کریم آرڈر کرلیں۔‘
ایک صارف کو ایسا لگا کہ شاید وراٹ کوہلی کی اس ٹویٹ کا مقصد کسی نئے فون کی مارکیٹنگ کرنا ہے۔

اس سے پہلے بھی وراٹ کوہلی موبائل فون برانڈ ’ویوو‘ سمیت کئی بڑی کمپنیوں کے اشتہارات میں جلوہ گر ہو چکے ہیں۔
انُج نتن نامی صارف نے لکھا کہ ’ہر انڈین آپ کو ایک نیا فون بھیجے گا۔ برائے مہربانی 400 پلس رنز بنائیں۔‘

پی ایس ایل میمز نامی اکاؤنٹ نے وراٹ کوہلی کی ٹویٹ کو قوٹ کرکے لکھا ’وراٹ بھائی کبھی کراچی تو آئیں ذرا۔‘

خیال رہے انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر گواسکر ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 9 فروری سے ناگپور میں شروع ہورہا ہے اور وراٹ کوہلی بھی انڈین ٹیم کا حصہ ہیں۔

شیئر: