Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے عاطف بٹ ٹیکن ورلڈ ٹور میں کورین حریف کر ہرا کر نئے چیمپئن بن گئے

 مقابلے کے آغاز میں حریف جنوبی کورین کھلاڑی جیون ڈینگ کا پلہ بھاری نظر آیا اور انہوں نے پہلی گیم میں دو سیٹ جیت لیے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
ٹیکن ورلڈ ٹور کے گرینڈ فائنل میں پاکستان کے عاطف بٹ نے جنوبی کورین کھلاڑی جیون ڈینگ کو شکست دے ککر ٹیکن کی دنیا کے نئے چیمپئن بن گئے۔
ٹیکن ورلڈ ٹور کا گرینڈ فائنل پاکستان کے عاطف بٹ اور جنوبی کوریا کے جیون ڈینگ کے درمیان  نیدرلینڈ کے شہر ایمسٹرڈم میں کھیلا گیا۔
 فائنل دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد ہال میں موجود تھی ۔ جب کہ دنیا بھر میں ای گیمز کے چاہنے والوں  نے اس مقابلے کو لائیو سٹریم کے ذریعے دیکھا۔
گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے عاطف بٹ نے  ٹورنامنٹ میں زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے  گرینڈ فائنل تک رسائی حاصل کی۔ منگل کے روز کھیلے جانے والے گرینڈ فائنل  کی تینوں گیمز میں سخت مقابلے کے بعد عاطف بٹ نے جنوبی کورین کھلاڑی جیون ڈینگ کو شکست سے دوچار کیا۔
ٹیکن ورلڈ ٹور کا آغاز 24 جون 2022 کو ہوا تھا جہاں 16 مختلف ریجنز سے جیت کر آنے والے 20 کھلاڑیوں سمیت 4 لاسٹ کوالی فائرز شامل تھے۔  ٹیکن ورلڈ ٹور  2022 کا  فائنل مرحلہ 4 اور 5 فروری 2023  کو نیدرلینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم میں  24 کھلاڑیوں کے مابین کھیلا گیا۔
 مقابلے کے آغاز میں حریف جنوبی کورین کھلاڑی جیون ڈینگ کا پلہ بھاری نظر آیا اور انہوں نے پہلی گیم میں دو سیٹ جیت لیے۔ تاہم شاندار واپسی کرتے ہوئے عاطف بٹ نے پہلی گیم اپنے نام کی۔ دوسری گیم کے آغاز میں بھی مدمقابل کھلاڑی جارحانہ نظر آئے اور ابتدا میں دو سیٹ اپنے نام کیے مگر عاطف بٹ نے دوسری گیم میں بھی عمدہ  واپسی کے ذریعے جنوبی کورین کھلاڑی کو شکست دے ڈالی۔
پہلی 2 گیمز میں فتوحات کے بعد عاطف بٹ نے تیسری گیم میں مدمقابل حریف کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے گرینڈ فائنل کو 12 منٹ میں اپنے نام کیا۔
ای گیم ڈویلپر ’ٹیکن‘ کی جانب سے عاطف بٹ کو ’کنگ آف دی آئرن فسٹ‘ کے ٹائٹل سے نوازا گیا۔ جب کہ گرینڈ فائنل جیتنے پر وہ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم کے بھی حقدار ٹھہرے۔
ٹیکن ورلڈ ٹور کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی جانب سے سابق ورلڈ چیمپئن ارسلان صدیقی بھی شریک تھے۔ تاہم اس فائنل مرحلے میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور 13 نمبر پر رہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے عاطف بٹ بھی ارسلان صدیقی کی بنائی ہوئی ٹیم ’ایش کے ممبر ہیں۔
مقابلے کے بعد سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے ارسلان صدیقی نے کہا کہ وہ اس بار نہیں جیت سکے، تاہم انہیں خوشی ہے کہ ان کا ٹریننگ پارٹنر عاطف جیت گیا ہے، اگلی بار زیادہ محنت کروں گا تاکہ مقابلہ جیت سکوں۔ اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان اس گیم میں سب سے مضبوط خطہ ہے، اور عاطف بٹ بہت مضبوط ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے عاطف بٹ کی مقابلہ جیتنے کے بعد کی گئی گفتگو کو  شیئر کیا جس میں انہوں نے پنجابی میں کہا ’مجھے جیت کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ لوگوں نے بہت دعائیں کی جس کے لیے ان کا شکریہ۔ میں ان کی امیدوں پر پورا اترا اس لیے اللہ پاک کا شکر ادا کرتا ہوں۔‘

شیئر: