Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں ایک ہفتے کے دوران خاتون سے ریپ کا دوسرا واقعہ

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی نشاندہی پر تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک ہفتے میں خاتون سے جنسی زیادتی کا دوسرا واقعہ پیش آیا ہے۔ ایف نائن پارک کے بعد کرپا تھانے کے علاقے ٹھنڈا پانی میں ملزمان نے گھر میں گھس کر شادی شدہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
تھانہ کرپا میں درج ہونے والی آیف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ایک ماہ قبل ان کی شادی ہوئی ہوئی تھی۔ شوہر کے رشتہ دار اس شادی سے خوش نہیں تھے۔ اسی وجہ سے وہ گزشتہ رات دس بجے گھر آئے اور گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔  
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی نشاندہی پر تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی آر میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ خاتون کا طبی معائنہ کرانے کے بعد ملزمان کے ڈی این اے کے نمونہ جات بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔ یہ نمونہ جات پنجاب سائنس فرانزک لیبارٹری میں بھیجے جائیں گے۔ رپورٹ ملنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے یا نہیں۔  
خیال رہے کہ اس سے قبل دو فروری کو اسلام آباد کے معروف ایف نائن  پارک میں بھی چہل قدمی کے لیے آنے والی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا تھا۔  
پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس دن رات اس کیس پر کام کر رہی ہے۔  
پولیس نے وقوعہ کی جیو فینسنگ مکمل کر کے ایک ہزار افراد کی فہرست تیار ک رلی ہے، جبکہ مشکوک افراد کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔  
اس سلسلے میں پولیس حکام نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ دو فروری کی رات آٹھ بجے سے لے کر نو بجے تک ایف نائن پارک کی حدود میں ایک ہزار موبائل فون ایکٹو تھے۔ 
ان ایک ہزار موبائل فونز کے حامل افراد کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ اسلام آباد پولیس اور آئی بی مل کر ان ایک ہزار نمبروں سے متعلق مزید تحقیقات کریں گے اور ملزم تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ 
اس سلسلے میں سی آئی اے نے کریک ڈاون کے ذریعے 200 سے زائد مشکوک افراد کی متاثرہ خاتون سے شناخت کروائی۔ متاثرہ خاتون نے 200 میں سے کسی ایک بھی شخص کو اپنا ملزم قرار نہیں دیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد ایف نائن پارک کے کسی گیٹ سے باہر نہیں نکلے (فوٹو: اے ایف پی)

ملزمان کے پاس اسلحہ کی موجودگی پر پولیس نے ملزمان کے ڈکیتی گینگ سے تعلق پر شبہ ظاہر کیا ہے۔ 
پولیس حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ خاتون کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ بھی مل گئی۔ میڈیکل رپورٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔ پولیس نے مزید نمونہ جات تحقیق کے لیے لاہور بھجوا دیے ہیں۔ 
پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد ایف نائن پارک کے کسی گیٹ سے باہر نہیں نکلے۔ ملزمان ایف نائن پارک کے کسی کیمرے میں نظر نہیں آئے۔ ایف نائن پارک میں کام کرنے والے تمام افراد کی چھان بین جاری ہے۔  
پولیس نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں سے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش جاری ہے۔ پولیس نے ملزم کا خاکہ بھی تیار کیا تھا جسے جلد ہی اشتہار کے طور پر اخبارات میں شائع کیا جائے گا۔ 

شیئر: