Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ و شام میں زلزلے سے ہلاکتیں 21 ہزار، پاکستان کا 10 ارب روپے امداد کا اعلان

ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے 10 ارب روپے(تین کروڑ 68 لاکھ ڈالر) کے فنڈ کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نیوز کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نے یہ اعلان جمعے کو کیا گیا ہے۔
ریلیف فنڈ کے لیے مختص رقم سے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کو کھانے پینے سمیت مختلف اشیاء بھیجی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو لاہور سے امدادی سامان پر مشتمل ایک جہاز ترکیہ روانہ کرنے کے موقعے پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’وفاقی حکومت نے ترکیہ میں ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں  کی مدد کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے ہیں۔‘
اس سے قبل پاکستان کے وزیراعظم نے رواں ہفتے ترکیہ کے متاثرین زلزلہ کے لیے ریلیف فنڈ کا اجراء بھی کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمںٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) دونوں ممالک کے زلزلہ متاثرین کے لیے ضروری اشیاء، سردی سے بچانے کے لیے خیمے، کمبل اور خشک خوراک خریدے گی۔‘

امریکہ کا 85 ملین ڈالر مدد کا اعلان

دوسری جانب امریکہ نے دونوں ملکوں کے متاثرہ علاقوں کے لیے ابتدائی طور پر 85 ملین ڈالر کے امدادی ایمرجنسی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس امریکہ کی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی نے کہا ہے کہ یہ امداد متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والے شراکت داروں کو فراہم کی جا رہی ہے تاکہ لاکھوں ضرورت مندوں کو فوری طور پر خوراک، شیلٹر اور صحت کی ہنگامی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔
گزشتہ پیر کو آنے والے زلزلے سے ترکیہ کے دس صوبے متاثر ہوئے جن میں صدر اردوغان نے ہنگامی حالات کا اعلان کیا ہے جو تین ماہ تک رہے گی۔ زلزلے سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے افراد کو تاحال نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ایک بیان میں امریکی ایجنسی نے بتایا کہ امداد کے ذریعے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ بیماریوں کے پھوٹ پڑنے سے بچا جا سکے۔
امدادی ایجنسی کا یہ بیان امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو سے زلزلہ متاثرین کی ضرورت سے متعلق ٹیلیفونک گفتگو کے بعد سامنے آیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے صحافیوں کو وزیر خارجہ کی ٹیلیفونک گفتگو سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں ترکیہ میں عالمی امدادی کوششوں کا حصہ بننے پر فخر ہے جیسا کہ ترکیہ کے انسانی ریسکیو ماہرین نے ماضی میں دنیا بھر میں اس طرح کی کوششوں میں شرکت کی۔‘
حکام نے بتایا کہ امریکہ پہلے ہی ترکیہ میں ریسکیو ٹیمیں بھیج چکا ہے جن کے پاس کنکریٹ کے بلاکس توڑنے کے آلات، جنریٹرز، پانی صاف کرنے کے نظام کے علاوہ ہیلی کاپٹرز بھی ہیں۔

زلزلے سے ترکیہ کے دس صوبے متاثر ہوئے جن میں تین ماہ تک ہنگامی حالات کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ترکیہ کے پڑوسی ملک شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے امریکی امداد وہاں موجود مقامی پارٹنرز کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
امریکی حکومت شام میں صدر بشار الاسد کی حکومت سے براہ راست روابط نہیں رکھتی اور خانہ جنگی کے دوران سرکاری افواج کی جانب سے کی گئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر احتساب کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔

شیئر: