Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں پیرا سیٹامول کی گولی سمیت کئی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ

ای سی سی اجلاس میں 20 دیگر ادویات میں قیمتوں میں کمی کی بھی منظوری دی گئی ہے (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان میں پیرا سیٹامول کی گولی سمیت کئی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی مظوری دے دی گئی ہے۔
جمعے کو وزیر خزانہ اسحاق دار کی سربراہی میں ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں وزارت صحت کی سمریوں کی روشنی میں 18 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی منظوری دی گئی۔
وزارت خزانہ کے بیان کے مطابق ’اجلاس میں وزارت صحت کی سمری کو ملحوظ رکھتے ہوئے پیرا سیٹامول کی 500 ملی گرام کی ایک گولی کی قیمت 25 پیسے اضافے کے ساتھ 2 روپے 67 پیسے جبکہ پیرا سیٹامول ایکسٹرا کی 500 گرام گولی کی قیمت 42 پیسے اضافے کے ساتھ 3 روپے 32 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ان 18 ادویات کی قیمتیں دیگر پڑوسی ممالک میں دستیاب انہی ادویات کی قیمتوں سے کم رکھی گئی ہیں۔‘
علاوہ ازیں ای سی سی اجلاس میں 20 دیگر ادویات میں قیمتوں میں کمی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
گزشتہ برس نومبر میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان نے ’پیناڈول کی 500 ایم جی گولی کی قیمت ایک روپے 87 پیسے سے بڑھا کر دو روپے 35 پیسے جبکہ پیناڈول ایکسٹرا کی 500 ایم جی کی فی گولی قیمت 2 روپے19 پیسے سے دو روپے 75 پیسے کر دی تھی۔
اس کے بعد پیناڈول کمپنی نےپاکستان میں اپنی رکی ہوئی پروڈکشن بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اگرچہ قیمتوں میں اضافہ تجویز کردہ قیمتوں سے کچھ کم ہے تاہم وہ حکومت کے شکرگزار ہیں کہ کمپنی نئی قیمتوں کے ساتھ اس قابل ہو گئی ہے کہ ادویات کی تیاری بغیر نقصان کے جاری رکھ سکے۔‘

شیئر: