Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر کا 10 ہزار موبائل گھر ترکیہ کو عطیہ کرنے کا اعلان

قطر فنڈ فار ڈیویلپمنٹ کے مطابق اتوار کو 350 گھروں کی پہلی کھیپ ترکیہ روانہ کی گئی (فوٹو: روئٹرز)
قطر نے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے بنائے گئے 10 ہزار موبائل گھر ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق قطر نے کہا ہے کہ اس کا پہلے ہی سے منصوبہ تھا کہ وہ یہ گھر کسی کو عطیہ کر دے گا۔
فٹ بال ورلڈ کپ میں قطر کو 14 لاکھ افراد کو رہائش دینے کی ضرورت تھی جو اس نے موبائل گھروں کے ذریعے پوری کی۔
قطر فنڈ فار ڈیویلپمنٹ نے کہا کہ اتوار کو 350 گھروں کی پہلی کھیپ ترکیہ روانہ کر دی گئی تھی۔
ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے زلزلے میں 35 ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ ابھی لوگوں کو ملبے میں تلاش کیا جا رہا ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
ہزاروں گھر زمین بوس ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ بہت سے لوگ سخت سردی میں کھلے میں سونے پر مجبور ہیں۔
قطر اور دیگر خلیجی ممالک نے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے کی جانے والی کاوشوں میں حصہ لیا ہے۔ یو اے ای نے 10 کروڑ ڈالر کی امداد دی ہے۔ سعودی عرب نے امدادی سامان کے آٹھ جہاز ترکیہ اور شام بھیجے ہیں۔

شیئر: