Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارت میں اہم پیش رفت چاہتا ہے: نوید قمر

نوید قمر نے کہا کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرے گی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر تجارت نوید قمر نے کہا ہے کہ زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت چاہتے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نوید قمر کی امریکی وزارت تجارت کی نمائندہ کیتھرین تائی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ امریکہ پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹی آئی ایف اے) کے تحت جمعرات کو ملاقات ہو گی۔
نوید قمر نے کہا کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرے گی جو حالیہ کچھ برسوں سے سرد مہری کا شکار تھے۔ اور اس طرح باہمی تجارت میں اضافہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ اہم ہے کہ ہم بات چیت شروع کریں۔ یہ ملاقاتیں سالانہ بنیادوں پر ہونا تھیں لیکن کسی نہ کسی وجہ سے یہ نہ ہو سکا۔ اب جب ہم یہ سلسلہ شروع کر رہے تو بہت سے ایسے شعبے ہیں جن میں ہم پیش رفت چاہتے ہیں اور یہ دو طرفہ ہے۔‘
روئٹرز کو اس حوالے کیتھرین تائی کے دفتر سے فی الحال کوئی معلومات حاصل نہیں ہوئیں، تاہم ان کے دفتر نے اس ملاقات کے حوالے سے اپنے کیلنڈر میں ذکر کیا ہے۔
پاکستان اور امریکہ قریبی اتحادی رہے ہیں اور کچھ برسوں کی سردمہری کے بعد ان میں گرمجوشی آ رہی ہے۔ ان تعلقات میں سرد مہری کی بڑی وجہ پاکستان کی افغان طالبان کے لیے مبینہ حمایت تھی جس کی پاکستان تردید کرتا ہے۔
نوید قمر نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے لیے آم کی برآمد بڑھانا چاہتا ہے اور اس کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر پروگرامنگ میں تجارت بڑھانا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق امریکہ بیف اور سویابین کی برآمد بڑھانا چاہتا ہے۔
’جب ہم تجارت کی بات کرتے ہیں تو اس مطلب ہر شعبہ ہے، لیکن ہم ان اشیا پر توجہ چاہتے ہیں جن پر فوری طور پر کام شروع کیا جا سکتا ہے۔‘

شیئر: