Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب حکومت کے ساتھ تنازع حل، پی ایس ایل میچز لاہور، راولپنڈی میں ہی ہوں گے

پی سی بی اور پنجاب کی نگران حکومت کے درمیان اخراجات پر تنازع چل رہا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تصدیق کی ہے کہ ان کے پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں لاہور اور راولپنڈی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
اتوار کو ایک ٹویٹ میں نجم سیٹھی نے ’اچھی خبر‘ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پنجاب کے وزیراعلیٰ محسن نقوی مہربانی کرتے ہوئے لاہور میں پی ایس ایل کے میچز کے دوران سڑکوں پر لائٹنگ کا خرچہ شیئر کرنے پر راضی ہوگئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایچ بی ایل پی ایس ایل کے لاہور اور روالپنڈی میں تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔‘
خیال رہے پی ایس ایل کے بقیہ میچز لاہور اور راولپنڈی میں کروانے کے حوالے سے پی سی بی اور پنجاب کی نگران حکومت کے درمیان اخراجات پر تنازع چل رہا تھا۔
پی ایس ایل کے پہلے 12 میچز ملتان اور کراچی میں شیڈول تھے جبکہ 26 فروری سے اگلے میچ لاہور اور راولپنڈی میں ہونا تھے۔
پاکستانی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پنجاب کی حکومت نے انتظامات پر خرچ ہونے پیسے پر ہمیں ’ڈسکاؤنٹ‘ دیا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ پی سی بی پنجاب حکومت کو کتنے پیسے دے گا تو ان کا کہنا تھا کہ ’یہ افشا کرنے کی ضرورت نہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’لائٹنگ کا مسئلہ بڑا پیچیدہ ہے کیونکہ لاہور کی کچھ سڑکوں پر روشنی کی کمی ہوتی ہے۔‘
نجم سیٹھی کے مطابق انہوں نے پنجاب حکومت سے بات چیت کی ہے اور پی سی بی مستقبل میں لائٹیں خریدنے پر بھی تیار ہے۔
پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اردو نیوز کو کچھ دن پہلے بتایا تھا کہ معاملہ نگراں حکومت کی جانب سے خراب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا ’پچھلے پانچ سال سے سکیورٹی اور ٹیموں کی آمدورفت کے اخراجات صوبائی حکومت اٹھا رہی ہے۔ پی سی بی ہر سال پانچ کروڑ روپے سکیورٹی اور کھانے کی مد میں دیتا رہا ہے۔
اردو نیوز کو دستیاب سرکاری معلومات کے مطابق راولپنڈی اور لاہور میں ہونے والے پنجاب حکومت کے اخراجات کا تخمینہ 90 کروڑ روپے لگایا گیا تھا جو کہ گزشتہ برس سے 20 کروڑ روپے زیادہ ہیں۔

شیئر: