Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی دہلی کے تہرے قتل میں ملوث شخص نے تین چاقو آن لائن خریدے

ملزم راجیش کمار نے اپنی اہلیہ اور بیٹوں کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں تین افراد کے قتل میں ملوث ملزم کی جانب سے تین چاقو آن لائن خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔
دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 38 سالہ راجیش کمار نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ اور دو بیٹوں کو قتل کیا۔
اس واقعے کی تفتیش کے بعد پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والا چاقو برآمد کر لیا جو ملزم نے آن لائن خریدا تھا جسے اس کے گھر پر ڈیلیور کیا گیا تھا۔
ملزم راجیش کمار نے اپنی اہلیہ اور بیٹوں کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق کم سے کم تین چاقو آن لائن شاپنگ ویب سائٹ کے ذریعے گذشتہ ہفتے خریدے گئے تھے جس کے بعد یہ شک کیا جا رہا ہے کہ ملزم پہلے سے ہی گھر والوں کو قتل کرنے کا پلان بنا رہا تھا۔
پولیس کی جانب سے اس بات کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے کہ ملزم نے اس سے قبل بھی گھر والوں کو مارنے کی کوشش کی یا نہیں؟
پولیس کا کہنا ہے کہ ’راجیش کمار کی اہلیہ اور اُن کے دو بچوں کا پوسٹ مارٹم پیر کے روز کیا گیا جس کے بعد لاشیں گھر والوں کے سپرد کر دی گئیں۔ ابتدائی رپورٹ کے  مطابق زخموں کے نشان چاقو کے تھے۔‘
ملزم کی ذہنی حالت کے بارے میں پولیس آفیسر نے بتایا کہ ’ان کی بدھ کے روز سرجری کی گئی ہے جس کے بعد ان کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید تفتیش کی جائے گی۔‘
دوسری جانب تفتیش سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اتوار کی رات تین بجے سے چار بجے کے دوران راجیش کمار نے اپنے سکول کے زمانے کے دوستوں کو وٹس ایپ پر میسج کیا جس میں اس نے دوستوں کو بتایا کہ اسے ایک بڑا مالی نقصان ہوا ہے۔

شیئر: