Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لوگ سیف کے گال کھینچ کر پوچھتے کہ ایکٹر بنو گے یا کرکٹر؟‘

شرمیلا ٹیگور 13 سال کے طویل عرصے کے بعد فلم ’گل مہر‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں واپسی کر رہی ہیں۔ (فائل فوٹو: سیف علی خان، انسٹاگرام)
بالی وُڈ کی اداکارہ اور سیف علی خان کی والدہ شرمیلا ٹیگور کہتی ہیں کہ ’جب سیف علی خان چھوٹے تھے تو سب ان کے گال کھینچ کر پوچھتے تھے کہ ایکٹر بنو گے یا کرکٹر؟‘
ہندوستان ٹائمز کے مطابق شرمیلا ٹیگور نے نہ صرف اپنے بچوں بلکہ پوتے اور پوتیوں کو بھی میڈیا کی زینت بنتے دیکھا ہے تاہم سیف علی خان کو ملنے والی شہرت کے باعث توجہ ان کے لیے کافی پریشانی کا سبب رہی ہے۔
اپنے نئے انٹرویو میں انہوں نے سیف علی خان کو بچپن میں ملنے والی توجہ اور شہرت کے بارے میں بات کی وہ کس طرح تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان سے مختلف تھی۔
شرمیلا ٹیگور کہتی ہیں کہ ’اس وقت لوگ سیف کے گال کھینچ کر پوچھتے تھے کہ بڑے ہو کر کیا بنو گے بیٹا؟ کرکٹر بنو گے یا ایکٹر بنو گے؟ لیکن وہ کہتا تھا کہ میں ہاکی کا کھلاڑی بنوں گا۔‘
’وہ اس بات سے بہت تنگ پڑتا تھا۔ اب چیزیں مختلف ہیں۔ میں نے سارہ سے سیکھا ہے کہ آپ کو یہ بات تسلیم کرنی پڑے گی اور لڑائی نہیں کرنا ہوگی کیونکہ یہی حقیقت ہے، کوئی بات نہیں۔‘
انہوں نے سیف علی خان کے بچوں کو ملنی والی شہرت اور میڈیا کی توجہ پر کہا کہ ’وہ اس میں ڈھل جائیں گے لیکن انہیں میڈیا سے پریشانی ہوتی ہے۔ وہ خود کو بہت اہم اور خاص سمجھتے ہیں۔
’یہ اُن کی کامیابی نہیں ہے بلکہ اُن کے والدین کی کامیابی ہے۔‘
شرمیلا ٹیگور نے 1968 میں انڈیا کے سابق کرکٹر منصور علی خان سے شادی کی جس کے بعد ان ہاں ایک بیٹے سیف علی خان اور دو بیٹیوں صبا علی خان اور سوہا علی خان کی پیدائش ہوئی۔

شرمیلا ٹیگور نے 1968 میں انڈیا کے سابق کرکٹر منصور علی خان سے شادی کی (فائل فوٹو: سوہا علی خان، انسٹاگرام)

اس کے بعد سیف علی خان نے اداکارہ امریتا سنگھ سے شادی کی جس کے بعد ان کے ہاں سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان کی پیدائش ہوئی تاہم 2004 میں دونوں میں طلاق ہوگئی۔
سیف علی خان نے 2012 میں کرینہ کپور سے دوسری شادی کی جس کے بعد ان کے ہاں دو بیٹوں تیمور اور جہانگیر پیدا ہوئے۔
دوسری جانب شرمیلا ٹیگور 13 سال کے طویل عرصے کے بعد فلم ’گل مہر‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں واپسی کر رہی ہیں۔
فیملی ڈرامہ کی نوعیت کی اِس فلم میں ایوراڈ یافتہ اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے علاوہ منوج باجپائی، سورج شرما اور ثمرن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ 
’گل مہر‘ رواں برس تین مارچ کو انٹرنیٹ سٹریمنگ سروس ڈزنی ہاٹ سٹار پر ریلیز کی جائے گی۔

شیئر: