Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلط فیصلے ہر ایک کرتا ہے مجھ سے بھی ہوئے ہوں گے: ثاقب نثار

سابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اُن کو بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ سات دن میں ریکور ہو گا۔ فوٹو: سکرین شاٹ
پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ زندگی میں ہر ایک سے غلط فیصلے ہوتے ہیں، اُن سے بھی غلط فیصلے ہوئے ہوں گے۔
پیر کو ٹیلی فون پر اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کے مختلف واقعات اور فیصلوں کے بارے میں کتاب لکھ رہے ہیں  جو اُن کے دنیا سے گزر جانے کے بعد اُن کے بیٹے شائع کریں گے۔
 جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار نے کہا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ جو شخص (نواز شریف) عدالتوں پر حملہ آور ہے وہ کبھی عدالتوں کا پسندیدہ رہا تھا۔ ’میں نے یہ کہا تھا کہ عدالتوں سے اُن کے خلاف صرف ایک فیصلہ آیا تھا۔‘
سابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سنہ 2018 کے الیکشن میں رکاوٹیں آئی تھیں جن کو دور کرنے کے لیے انہوں نے عدالتی سطح پر کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت میں جو دستاویزات آئیں انہی کی بنا پر سابق وزیراعظم عمران خان کو صادق و امین قرار دیا تھا۔
جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار نے کہا کہ اُن کو واٹس ایپ تین دن پہلے ہیک کر لیا گیا تھا اور اُس کو واپس حاصل کرنے (ریکور) کرنے کے لیے متعلقہ اتھارٹی اور واٹس ایپ انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
سابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اُن کو بتایا گیا ہے کہ ہیک کیا گیا واٹس ایپ سات دن میں ریکور ہو گا۔ 
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ن لیگ کے رہنماؤں کے خلاف فیصلے دیے اور اُن کے سیاسی حریف عمران خان کی جماعت کو فائدہ پہنچایا۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر اُن کے بعض اقدامات کے باعث تنقید کی جاتی رہی ہے جس میں اُن کی جانب سے ڈیم بنانے کے لیے چندہ مہم شروع کرنا بھی شامل تھا۔

شیئر: