Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرویز الٰہی پی ٹی آئی کے صدر، ’خان کو رنگ برنگے مشورے نہ دو‘

سابق وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو پاکستان تحریک انصاف کا صدر مقرر کرنے کا نوٹی فیکیش جاری کر دیا گیا ہے۔
منگل کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر چوہدری پرویز الٰہی کے تقرر کا نوٹی فیکیشن جاری کیا گیا۔
 نوٹی فیکیشن کے حوالے سے بتایا گیا کہ ’رجیم چینج کے بعد سے اب تک عمران کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہنے والے چوہدری پرویز الٰہی پاکستان تحریک انصاف کے صدر مقرر ہو گئے ہیں۔‘
عمران خان کی جانب سے پرویز الٰہی کو پارٹی صدر مقرر کرنے کے فیصلے پر چوہدری پرویز الٰہی نے پیغام جاری کیا ہے۔
پرویز الٰہی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’عمران خان نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس کے لیے میں ان کا شکرگزار ہوں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹ کر آئین اور قانون کی سربلندی کی جدوجہد کریں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’عمران خان ملک میں آئین، قانون اور عام آدمی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ عمران خان کا راستہ روکنا حکومت کے بس کی بات نہیں وہ عوام کے دلوں میں بس چکے ہیں۔‘
سابق وزیر اعلٰی پنجاب کے پی ٹی آئی کے صدر مقرر ہونے پر پاکستانی سوشل میڈیا پر سیاسی کارکنوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
پرویز الٰہی کو پی ٹی آئی کا صدر بنانے پر کچھ لوگوں نے اس اقدام کو سراہا اور حمایت کی جبکہ کچھ نے اس فیصلے کو سمجھ سے بالاتر فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان نے غلطی کر دی ہے۔‘
ٹوئٹر یوزر انعم ارشد نے پرویز الٰہی کے پارٹی صدر بننے اور پارٹی کے نظریے کے حوالے سے کہا کہ ’میں چوہدری پرویز الٰہی کے پارٹی صدر بننے کے فیصلے سے خوش نہیں ہوں۔‘
’وہ اس پوزیشن کے اہلیت نہیں رکھتے۔ یہ فیصلہ عمران خان کے نظریے کو متاثر کرے گا، مایوس کن۔‘
سوشل میڈیا صارف دری ستی کہتے ہیں ’یہ صاحب کا یقیناً بہترین فیصلہ ہے۔ ذہن میں رہے کہ خان صاحب سے پہلے پاکستان ہے۔‘
’اللہ جتنی بڑی ذمہ داری دیتا ہے حساب بھی اتنا سخت ہوتا ہے۔ دنیا میں جنت کمانے اور گناھوں کا کفارہ ادا کرنے کا بہترین وقت ہے۔‘

 

ٹوئٹر ہینڈل ’ان یور فیس‘ پر سابق وزیر اعلٰی پنجاب کو پی ٹی آئی کا صدر بنانے کے فیصلے پر لکھا گیا کہ ’پرویز الٰہی کے معاملے پر تبصرہ کرنے کا یہ ٹھیک وقت نہیں ہے۔‘
 

 

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کی 21 تاریخ کو چودھری پرویز الٰہی نے اپنے ساتھیوں سمیت باضابطہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے فواد چوہدھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’مسلم لیگ ق کے رہنما اب تحریک انصاف کا حصہ ہوں گے، چودھری پرویز الٰہی اپنے سابق 10 ارکان پنجاب اسمبلی سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں۔‘

شیئر: